نگران وزیر اعظم کاکڑ کی تنخواہ لگ گئی ،ان  کے لیے  مہنگی بجلی مسئلہ نہیں ہو سکتی، سراج الحق

 دوستمبر کو  80 لاکھ دکانداروں کو شٹر ڈاؤن ہڑتال پر سلام پیش کرتا ہوں

اگلے مرحلے میں گورنر ہاوسز کے سامنے احتجاجی دھرنے دئیے جائیں گے 

جب تک بلز میں اضافہ واپس نہیں لیا جاتا احتجاجی تحریک جاری رہے گی

 ایک کروڑ مقدمات قائم کر لو پیچھے ہٹنے والے نہیں ہیں

کارکنان کسی کو غریب شہریوں کے بجلی کے میٹرز نہ اتارنے دیں ، معاملے میں ہم جیل جانے کو تیار ہیں

ماؤں ، بہنوں ، بیٹیوں کے لیے حجاب اس کی عزت ، تحفظ حفاظت ، حیاء  ، کردار کی علامت ہے

امیر جماعت کااسلام آباد میں عالمی یوم حجاب کے موقع پر خواتین کی ریلی سے خطاب

ریلی جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی کی قیادت میں نکالی گئی ،بڑی تعداد میں طالبات بھی شریک ہوئیں

اسلام آباد (ویب  نیوز)

امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا کہ نگران وزیر اعظم کاکڑ کے لیے  مہنگی بجلی مسئلہ نہیں ہو سکتی کیونکہ ان  کی تنخواہ لگ گئی ہے، دوستمبر کو  80 لاکھ دکانداروں کو شٹر ڈاؤن ہڑتال پر سلام پیش کرتا ہوں ۔ اگلے مرحلے میں گورنر ہاوسز کے سامنے احتجاجی دھرنے دئیے جائیں گے اور جب تک بلز میں اضافہ واپس نہیں لیا جاتا احتجاجی تحریک جاری رہے گی ، ایک کروڑ مقدمات قائم کر لو پیچھے ہٹنے والے نہیں ہیں، کارکنان کسی کو غریب شہریوں کے بجلی کے میٹرز نہ اتارنے دیں ہم  اس معاملے میں ہم جیل جانے کو تیار ہیں ،خواتین اپنے تمام تر جمہوری آئینی حقوق سے محروم ہیں  بلز میں سولہ ناجائز ٹیکسز کی بھرمار ہے ان خیالات کا اظہار انھوں نے منگل کو اسلام آباد میں عالمی یوم حجاب کے موقع پر خواتین کی بہت بڑی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ریلی جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی کی قیادت میں نکالی گئی بڑی تعداد میں طالبات بھی شریک ہوئیں جب کہ  ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز حلقہ خواتین جماعت اسلامی سابقہ ایم این اے عائشہ سید,سکینہ شاہد ڈپٹی سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی ،ثمینہ احسان ناظہ صوبہ شمالی پنجاب,نزہت ناطق نگران پبلک ریلیشنز صوبہ شمالی پنجاب  اور نصرت ناہید ناظمہ ضلع اسلام آباد بھی موجودتھیں ۔سراج الحق نے کہا کہ حجاب سے یورپ اور مغرب ڈرتے ہیں کیونکہ یہ باعزت خواتین کی خودداری غیرت کا علامت ہے ، ماؤں ، بہنوں ، بیٹیوں کے لیے حجاب اس کی عزت ، تحفظ حفاظت ، حیاء  ، کردار کی علامت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دجالی قوتیں ہمارے اقدار ، تہذیب  پر حملہ آور ہیں مغرب اور یورپ میں پردہ سے ہی خوفزدہ ہو کر بعض جگہوں پر اس پر پابندی لگائی کیونکہ حجاب ایک نظام کا نام ہے ۔ اس عالمی خاتون رہنما کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جس نے پارلیمنٹ کی ممبر شپ چھوڑ دی مگر حجاب نہیں چھوڑا ۔ مقبوضہ کشمیر کی ماؤں ، بہنوں ، بیٹیوں کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے بندوق اور سنگینوں کے سائے میں بھی نقاب اور حجاب نہیں چھوڑا ۔ بھارت کی مسلمان طالبہ مسکان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جس نے بھارتی غنڈوں اور دہشت گردوں کے درمیان بھی حجاب نہیں چھوڑا اور نعرہ تکبیر اللہ اکبر بلند کیا ۔ اسلام ہر ماں ، بہن بیٹی کی عزت کی حفاظت کا ضامن ہے ۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان نے کہا کہ آج پاکستان کی خواتین اپنے آئینی اور جمہوری حقوق سے محروم ہیں مطالبہ کرتا ہوں کہ بچوں اور بچیوں کو جسمانی جنسی درندگی کا نشانہ بنانے والے مجرمان کو پھانسی دی جائے ۔ جو بھی کسی بچے بچی کو اغواء میں ملوث ہو ایسے بھیڑیے کو عبرت کا نشان بنا دے ۔ جماعت اسلامی کے ارکان نے مطالبہ کیا تھا کہ تعلیمی اداروں میں منشیات فروشی میں ملوث مافیا کے لیے پھانسی کی سزا مقرر کی جائے یہ ظالم پاکستان کے مستقبل سے کھیل رہے ہیں ۔ ایسے ظالموں کو چوکوں اور چوراہوں میں عبرت کا نشان بنانا ہو گا کیونکہ ڈرگ مافیا نے سکولوں کالجز اور جامعات کو ہدف بنا رکھا ہے ۔ ایسے خطرناک ظالموں سے سختی سے نمٹنے کی ضرورت ہے ۔ سراج الحق نے کہا کہ پاکستان کی ہر جمہوری تحریک میں خواتین نے نمایاں کردار ادا کیا ۔ تحفظ ناموس رسالت کی تحریک میں خواتین نے بہت بڑا کردار ادا کیا ہے ۔ ہم اپنی ان ماؤں بہنوں سے کہنا چاہتے ہیں کہ پاکستان کو حقیقی اسلامی خوشحال اور کرپشن فری پاکستان بنانے کے لیے ہمارا ساتھ دیں ۔ انوار الحق کاکڑ بتائیں وہ پاکستان کے نگران وزیر اعظم ہیں یا آئی ایم ایف کا غلام ، ایٹمی ملک کا وزیر اعظم کہہ رہا ہے کہ بجلی کے بل کی اقساط کے لیے آئی ایم ایف سے اجازت لوں گا ۔ انہوں نے پاکستان کو آزاد و خود مختار نہیں بلکہ آئی ایم ایف کا غلام بنا دیا ہے اور پی ڈی ایم ، پیپلز پارٹی سب ملوث ہیں ۔ قوم کے ہاتھوں میں ہتھکڑیاں ڈالیں اور اب یہ جماعتیں قوم سے منہ چھپائے پھرتی ہیں ۔ ہم آئی پی پیز معاہدوں اور آئی ایم ایف کی شرائط کے خلاف بغاوت کا اعلان کرتے ہیں ۔ چوروں اور کمیشن مافیا نے آئی پی پیز کے معاہدوں کا تحفظ کیا اسی لیے سپریم کورٹ جا رہے ہیں ۔ 80 لاکھ دکانداروں کو شٹر ڈاؤن ہڑتال پر سلام پیش کرتا ہوں ۔ اگلے مرحلے مے گورنر ہاوسز کے سامنے احتجاجی دھرنے دئیے جائیں گے اور جب تک بلز میں اضافہ واپس نہیں لیا جاتا احتجاجی تحریک جاری رہے گی ۔ پشاور میں ہمارے کارکنوں کے خلاف پر امن احتجاج کی پاداش میں مقدمات قائم کئے گئے ۔ حکمرانو سن لو ایک ہزار ، لاکھ ، ایک کروڑ مقدمات قائم کر لو پیچھے ہٹنے والے نہیں ہے ۔ بلز میں سولہ ناجائز ٹیکسز کی بھرمار ہے ۔ واپڈا اہلکار کی ملی بھگت سے بجلی چوری ہوتی ہے بوسیدہ تاروں کے نقصانات کا خمیازہ بھی صارفین کو بھگتنا پڑتا ہے ۔ جماعت اسلامی کے کارکنوں کو ہدایت کرتا ہوں کہ اپنے گلی کوچوں میں غریب شہریوں کے بجلی میٹرز کی حفاظت کریں اور واپڈا والے انہیں اتارنے آئیں تو انہیں نہ اتارنے دیں ۔ ہم غریبوں کے لیے جیل جانے کے لیے تیار ہیں ۔ نگران حکومت نے نہ امن قائم کیا نہ مہنگائی بے روزگاری کم کی یہ کس کام کی حکومت ہے ۔ ایک ہی کام ہے کرپشن لوٹنا دھوکہ دینا ۔ سابقہ حکمرانوں نے مہنگائی کے خلاف جلوس لانگ مارچ کئے کوئی لندن جا کر بیٹھ گیا کوئی دبئی چلا گیا ۔ وقت آنے والا ہے ان سے ایک ایک پائی کا حساب لیا جائے گا ۔ نیب اور عدالتیں ان کا احتساب نہیں کر سکتیں قوم ووٹ کی طاقت سے سابقہ حکومتی جماعتوں سے مہنگائی ، مہنگی بجلی کی حساب لے گی ۔ جماعت اسلامی کی حکومت آئے گی قرآن و سنت کی حکمرانی ہو گی سودی نظام ختم ہو گا خواتین کو بلا سود آسان شرائط پر قرضے دئیے جائیں گے ۔ دھرتی اور کشمیر فروش حکمرانوں سے قوم کو نجات ملے گی ۔ عافیہ صدیقی کو رہا کرواؤں گا یہ ہماری زندگی اور موت کا مسئلہ ہے ۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ مغرب زدہ این جی اوز میرا جسم میری مرضی جیسے نعرے لگوا کر اپنا خواتین کو گھر سے بھاگنے کی ترغیب دے رہی ہیں ۔ یہ مغرب اور یورپ کی آلہ کار ہیں ان کی تنخواہ پر پل رہی ہیں عریانی فحاشی بد چلنی کو عام کرنا چاہتی ہیں اور  پاکستان کی مسلمان خواتین ایسی تمام تر سازشوں کو ناکام بنا دے گی ۔ ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری سے براہ راست خواتین زیادہ متاثر ہوئی ہیں ۔ بچوں کی خوراک ، فیس کا  انتظام کرنا تو دور کی بات ہے کوئی خاتون اپنے بچے کو اب ایک ٹافی بھی پیش نہیں کر سکتی ۔ قوم کی ہر ماں بہن بیٹی پریشان ہے ۔ آئی ایم ایف کے عہدیدار نے بیان دیا ہے کہ پاکستان واحد ملک ہے جہاں مالدار ٹیکس نہیں لیتے غریبوں سے ٹیکس لے کر امیروں پر خرچ کیا جاتا ہے ۔ 17  ارب ڈالر سے زائد پاکستانی اشرافیہ پر خرچ ہو رہے ہیں ۔ بد قسمتی سے پاکستان میں غریبوں کو نچوڑا جا رہا ہے ۔ سیاست ، پارلیمنٹ اور مافیاز بالخصوص شوگر مافیا مسلط ہے قوت خرید ختم ہوتی جا رہی ہے ۔ پڑوسی ملک میں تین روپے چورانوے پیسے فی یونٹ بجلی ہے  ہمارے ہاں چھپن روپے فی یونٹ ہے ۔ نگرانوں نے رہی سہی کسر پوری کرتے ہوئے ایل پی جی کی قیمتیں بڑھا دیں اور پٹرول دو بار مہنگا کر چکے ہیں ۔ ایشیاء میں سب سے زیادہ مہنگائی ، بے روزگاری ، غربت ، بدحالی ، مایوسی سب سے زیادہ ہے ۔ نگران وزیر اعظم کہتے ہیں بجلی مسئلہ نہیں ہے کاکڑ آپ کے لیے یہ مسئلہ نہیں ہو سکتی کیونکہ آپ کی تنخواہ لگ گئی ہے ۔ یہ غریبوں کا مسئلہ ہے جن کی زندگیاں داؤ  پر لگ گئی ہیں جنہوں نے اسے شیشے کے گھر میں لاکر بٹھایا بعد میں وہ تو موجود نہیں  ہونگے البتہ انوارالحق کاکڑ قوم کوضرور جواب دہ ہونگے،۔ پانچ سال تک قومی اسمبلی آئی ایم ایف کی شرائط پر ٹھپے لگاتی رہی ہم نے سوچا تھا پی ڈی ایم پیپلز پارٹی اپنے ظالمانہ فیصلوں پر قوم سے معافی مانگے گی اب تک تو ایسا نہیں ہوا لیکن منہ ضرور چھپاتے پھر رہے ہیں ۔ مفت خور افسران کنڈا مافیا اور واپڈا کی کرپشن پر قابو پانے کے نتیجے میں بجلی کے شعبے میں بارہ سو ارب روپے کی بچت کی جا سکتی ہے ۔