ترجمان دفترِ خارجہ کی پاکستان کے کسی وفد کے دورہ  اسرائیل کی سختی سے تردید

مسئلہ فلسطین پر پاکستان کا موقف واضح اور غیر مبہم ہے ہماری پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ترجمان

اسلام آباد(ویب  نیوز)

ترجمان دفترِ خارجہ نے  پاکستان کے کسی وفد کے اسرائیل کا دورہ کرنے کی سختی سے تردید کی ہے۔میڈیا کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے ترجمان دفترِ خارجہ نے کہا ہے کہ جس وفد کے دورے پر بحث کی جاری ہے اس کا اہتمام ایک غیر ملکی این جی او نے کیا تھا جس کا پاکستان میں کوئی دفتر نہیں ہے۔ترجمان نے کہا کہ مسئلہ فلسطین پر پاکستان کا موقف واضح اور غیر مبہم ہے اور اس حوالے سے ہماری پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ انہوں نے  کہا کہ  پاکستان فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کی مستقل حمایت کرتا ہے۔ اقوام متحدہ اور او آئی سی کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق 1967 سے پہلے کی سرحدوں کے ساتھ ایک آزاد فلسطینی ریاست کا قیام جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو، خطے میں منصفانہ اور دیرپا امن کے لیے ناگزیر ہے۔