پشاور۔۔پشاورمیں بجلی لوڈشیڈنگ نے سابقہ تمام ریکارڈ توڑ ڈالے
لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 18گھنٹوں تک جا پہنچا،نواحی علاقوں میں 20گھنٹے بجلی بند
پشاورکے سولہ دروازوں کے مکینوں نے لوڈشیڈنگ کے خلاف مظاہروں میں شدت لانے کی دھمکی دیدی
پشاور(ویب نیوز)
پشاورمیں بجلی لوڈشیڈنگ نے سابقہ تمام ریکارڈ توڑ ڈالے ۔لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 18گھنٹوں تک پہنچ گیا جبکہ شہر کے نواحی علاقوں میں 20گھنٹے لوڈشیڈنگ سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہو کر رہ گئے ۔لوڈشیڈنگ کے خلاف پشاور بھر میں احتجاجی مظاہرے شروع جبکہ لوڈشیڈنگ ختم نہ کرنے کی صورت میں مظاہروں میں شدت آنے کا امکان بھی پیدا ہوگیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق ملک کے دیگر حصوں کی طرح صوبائی دارالحکومت پشاور میں بھی بجلی کی غیر اعلانیہ اور بدترین لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے تاہم پشاورمیں لوڈشیڈنگ نے سابقہ تمام ریکارڈ توڑ ڈالے ہیں اور18گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے جبکہ بڈھ بیر،شیخان،سنگو،متنی،چوا گجر،ناصر پور،ترناب فارم،چمکنی ،پشتہ خرہ،بڈھنی اور اکبر پورہ سمیت دیگر علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 20گھنٹوں تک جا پہنچا ہے ۔ایک طرف شدید ترین گرمی اور درجہ حرارت 42سے44ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ دوسری طرف غیر اعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ نے عوام کو شدید ترین مشکلات میں مبتلا کر دیا ہے اور لوگوں کے لئے ان حالات میں زندگی گزارنا مشکل ہو گیا ہے ۔لوڈشیڈنگ کے باعث ٹیوب ویلوں کے اوقات کار بھی متاثر ہوئے ہیں ا ور پانی کی قلت کا بھی لوگوں کو سامنا کرناپڑرہا ہے جبکہ گزشتہ رو ز لوڈشیڈنگ کے خلاف پشاور کے شہری علاقوں کے مکین عوامی نیشنل پارٹی کی رکن صوبائی اسمبلی و ترجمان ثمر ہارون بلور کی قیادت میں سڑکوں پر نکل آئے اور شہر کے وسطی علاقہ لاہوری چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا اور ریلی نکالی ۔شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ثمر بلور کا کہنا تھا کہ پشاور کے عوام پر لوڈشیڈنگ کی صورت میں جو عذاب مسلط کیاگیا ہے اسے ختم کیا جائے بصورت دیگر احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا ۔اسی طرح پشاور کے دیگر علاقوں میں بھی لوڈشیڈنگ کے خلاف مظاہروں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے جبکہ لوڈشیڈنگ ختم نہ کرنے کی صورت میں مظاہروں میں مزید شد ت پیدا ہونے کا امکان ہے ۔پشاور کے 16دروازوں کے مکین اس وقت بدترین لوڈشیڈنگ کا عذاب جھیل رہے ہیں اور گرمی میں لوگوں کی حالت غیر ہے ۔رامپورہ گیٹ،ریتی دروازہ،اسامائی گیٹ،کچہری دروازہ،کابلی گیٹ،باجوڑی،ڈبگری،رامداس،بیرسکو،سرکی،کوہاٹی،یکہ توت،گنج دروازہ،لاہوری اور ہشت نگری گیٹ کے مکینوں کے مطابق 18گھنٹے لوڈشیڈنگ ظلم اور زیادتی ہے ۔وزیراعظم شہباز شریف نے ملک سے لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا اعلان کیا ہے تاہم اس اعلان کے بعد لوڈشیڈنگ کا دورانیہ مزید بڑھا دیاگیا ہے ۔حکومت فوری طور پر لوڈشیڈنگ ختم کرے بصورت دیگر احتجاج میں شدت لائی جائے گی ۔