لاہور (ویب نیوز)
لاہور ہائی کورٹ نے بجلی کی لوڈشیڈنگ اور مہنگائی کے خلاف دائر دو درخواستوں پر وفاقی حکومت اور پنجاب حکومت کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے دو ہفتے میں تفصیلی جواب طلب کر لیا۔ عدالت نے بجلی کی لوڈشیدنگ پر وفاقی حکومت جبکہ مہنگائی کے حوالہ سے دائر درخواست پر وفاقی حکومت اور پنجاب حکومت سے جواب طلب کیا ہے۔ لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر دو درخواستوں پر سماعت کی۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ وفاقی اور پنجاب حکومت بڑھتی ہوئی مہنگائی کو کنٹرول کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہیں اور کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر اضافہ ہورہا ہے۔ درخواست گزار نے اپنے درخواست میں مزید کہا ہے کہ مہنگائی کی وجہ سے عوام کے لئے دو وقت کی روٹی کھانا مشکل ہو گیا ہے اور حکومت عوام کے بنیادی حقوق کا تحفظ نہیں کررہی۔ جبکہ عدالت نے بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف بھی درخواست پر سماعت کی۔ عدالت نے دونوں درخواستوں کو سماعت کے لئے منظور کرتے ہوئے وفاقی اور پنجاب حکومتوں کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے دو ہفتے میں تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔