سیلز ٹیکس کے ذریعے 3076 ارب روپے کے محصولات اکٹھے کیے جائیں گے،تجویز
اسلام آباد (ویب نیوز)
وفاقی بجٹ میں مختلف شعبوں سے محصولات کا ہدف رکھنے کی تجاویز دی گئی ہیں، اگلے مالی سال کیلئے 7004 ارب روپے کے محصولات کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، انکم ٹیکس کا ہدف 2558 ارب روپے سے زائد اور سیلز ٹیکس کے ذریعے 3076 ارب روپے کے محصولات اکٹھے کیے جائیں گے۔ وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے قومی اسمبلی میں محصولات کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اگلے مالی سال 7004 ارب روپے کے محصولات کا ہدف رکھنے کی تجویز دی گئی ہے، براہ راست ٹیکسوں کی مد میں2573 ارب روپے کا ہدف اور انکم ٹیکس کا ہدف 2558 ارب روپے سے زائد رکھنے کی تجویز دی ہے، ورکرز ویلفیئر فنڈ سے 6 ارب روپے 94 کروڑ روپے ٹیکس اکھٹا کرنے کی تجویز دی گئی ہے،ورکرز منافع شراکت فنڈ سے 7 ارب 46 کروڑ 20 لاکھ روپے،کیپٹل ویلیو ٹیکس کی مد میں 51 کروڑ 50 لاکھ روپے ٹیک اوران ڈائریکٹ ٹیکسز کے ذریعے 4431 ارب روپے کے محصولات اکھٹا کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ مفتاح اسماعیل نے بتایا کہ کسٹم ڈیوٹیز کی مد میں 953 ارب روپے کا ٹیکس اکھٹا کرنے اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں 402 ارب روپے اکھٹا کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔