سرینگر (ویب نیوز)
مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائیوں میں آج پلوامہ اورکولگام اضلاع میں مزید دو کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا ۔ فوجیوں نے ایک نوجوان کو ضلع کولگام کے علاقے کھانڈی پورہ میںجبکہ دوسرے کو ضلع پلوامہ کے علاقے دربگام میں محاصرہ اور تلاشی کی پرتشدد کارروائیوں کے دوران شہید کیا۔بھارتی فوجیوں نے ان علاقوں کے تمام داخلی اور خارجی راستوں کو بند کردیا اورگھرگھرتلاشی لی۔ قابض حکام نے ان علاقوں میں انٹرنیٹ سروس بھی معطل کردی ۔آخری اطلاعات آنے تک دربگام پلوامہ میں فوجی آپریشن جاری تھا،دریں اثنا، جموں و کشمیر میں عوامی مجلس عمل نے درگاہ حضرت سید شاہ صادق قلندر نقشبندی کے سجادہ نشین اور معروف تاجر اور کشمیری سول سوسائٹی کے رکن سید شکیل قلندر کے والدا لحاج سراج الدین قلندر کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ عوامی مجلس عمل اور اس کی قیادت خاص طور پر نظربندچیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے سید سراج الدین قلندر کے انتقال کو ایک بڑا نقصان قرار دیا اور ان کے مذہبی ، ملی اور سماجی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ عوامی مجلس عمل کے کئی اہم عہدیداروں اور کارکنوں کے ساتھ ساتھ مقامی لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے سید سراج الدین قلندر کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔