لاہور (ویب نیوز)
لاہور کی احتساب عدالت نمبر دو کے جج نسیم احمد ورک نے منی لانڈرنگ ریفرنس میں وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف اوروزیر اعلیٰ پنجاب محمد حمزہ شہباز شریف کے ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی۔وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز بدھ کے روز حتساب عدالت میں پیش نہیں ہوئے، وکلا ء نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست جمع کرائی۔ درخواست میں مئوقف اختیار کیا گیا کہ وزیر اعظم شہباز شریف اسلام آباد میں اہم معاملات میں مصروف ہیں،حمزہ شہباز پنجاب اسمبلی کے بجٹ اجلاس کی وجہ سے مصروف ہیں اس لئے دونوں عدالت میں پیش نہیں ہوسکتے ، عدالت دونوں کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کرے۔ احتساب عدالت کے جج نے ریفرنس کی سماعت کرتے ہوئے شہبازشریف اور حمزہ شہباز شریف کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی۔ واضح رہے کہ بدھ کے روز احتساب عدالت کے جج نسیم احمد ورک نے شہبازشریف اور حمزہ شہباز شریف کی جانب سے مستقل حاضری کے لئے دائر درخواستوں پر دلائل کے لئے وکلاء کوطلب کیا تھا۔