بین الاقوامی معالجین کی پاکستان آمد ایل جی ایچ کیلئے کسی اعزاز سے کم نہیں :پروفیسر الفرید ظفر
لاہور (ویب نیوز)
جنرل ہسپتال میں کورین آرتھوپیڈک سرجنز کی 5رکنی ٹیم نے مقامی ڈاکٹرز کے ہمراہ سپائن سرجری کے جدید طریقہ علاج پر تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا جس میںینگ ڈاکٹرز کیلئے لائیو آپریشنز سرانجام دیے گئے جنہیں پاکستان سمیت بیرون ممالک بھی سپائن کے علاج سے وابستہ معالجین نے دیکھے تاکہ وہ سینئر سرجنز سے جدید سرجری کی ٹیکنالوجی و طریقہ کار سے آگاہ رہ سکیںاور اس حوالے سے جدید طریقوں اور بہتر ٹیکنالوجی سے مستفید ہو سکیں ۔ پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد الفرید ظفرنے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی شہرت کے حامل کورین سپیشلسٹ و طبی ماہرین کی پاکستان آمد اور ایل جی ایچ میں ڈاکٹرز کیلئے 2روزہ ایڈوانس سپائن سرجری کورس و ورکشاپ سے نوجوان کنسلٹنٹس کو سیکھنے کا سنہری موقع میسر آیا ہے جو مستقبل میں ان کی پیشہ وارانہ زندگی میں بہت کام آئے گا۔ پروفیسر آف آرتھو پیڈک جنرل ہسپتال پروفیسر میاں محمد حنیف نے کہا کہ یہ اپنی نوعیت کا پاکستان میں منعقد ہونے والا واحد کورس ہے جس سے نوجوان ڈاکٹرز کی صلاحیتوں میں مزید اضافہ ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ اس کورس کا انعقاد پاکستان ایسوسی ایشن آف سپائن سرجنز اور کورین یونیورسٹی میڈیسن کے اشتراک سے کیا گیا ہے جس میںکورین یونیورسٹی آف میڈیسن کے پروفیسر (سینگ ووہ سوہ) Seung Woo Suh کی سربراہی میں 5ڈاکٹرز شریک ہوئے جبکہ پاکستان کے معروف ڈاکٹرز بریگیڈئر(ر)ڈاکٹر وسیم ، بریگیڈئر(ر) اسد قریشی ، پروفیسر طارق سہیل ،پروفیسر محمد حنیف،ڈاکٹر مدثرصدیق ،ڈاکٹر شیراز ملک ، ڈاکٹر محمد صدیق حامد، ڈاکٹر خالد حسنین، ڈاکٹر خضر اور ڈاکٹر عبدالعزیز نے اس لائیو ورکشاپ میں حصہ لیا جبکہ اس موقع پر ایک سو سے زائد ینگ کنسلٹنٹس بھی موجود تھے۔ پروفیسر الفرید ظفر نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ایل جی ایچ کے فیکلٹی ممبران کی روایت ہے کہ وہ اپنے نوجوان ڈاکٹرز کی تربیت اور پروفیشنل استعداد کار کو بڑھانے کیلئے ترقی یافتہ ممالک کے طبی ماہرین کے ساتھ مشترکہ کاوشوں کا ہمیشہ اہتمام کرتے ہیں اور تربیتی ورکشاپ کے ذریعے جدید ممالک کے ساتھ ڈاکٹرز سے مقامی معالجین و سرجنز کو ان کے تجربے سے استفادہ کرنے کے نادر مواقع میسر آتے ہیں۔ پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے پی جی ایم آئی /ایل جی ایچ پبلک سیکٹر کا منفرد ادارہ ہے جو ہمیشہ میڈیکل ریسرچ ، تعلیم کے شعبوں میں ہونے والی ایڈوانسمنٹ سے اپنے ڈاکٹرز کو آگاہ رکھنے کیلئے ان ممالک کے طبی ماہرین کے ساتھ باہمی تعاون حاصل کرنے کیلئے کوشاں رہتے ہیں۔ پروفیسر الفرید ظفر نے امید ظاہر کی کہ اس کامیاب ورکشاپ سے ڈاکٹرز کے نالج و قابلیت میں اضافہ ہو گا جس کا برا ہ ر است فائدہ مریضوں کو پہنچے گا اور سپائن سرجری کے ڈاکٹرز مریضوں کے آپریشن مزید احسن طریقہ سے سرانجام دے سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایل جی ایچ کا "مشن ” غریب مریضوں کی خدمت کرنا ہے۔ اس مقصد کے حصول کیلئے فیکلٹی ممبران ڈاکٹرز، نرسز ، پیرا میڈکس اور انتظامیہ محنت و دیانتداری کے ساتھ عمل پیرا ہے۔ سربراہ جنرل ہسپتال نے کورین ڈاکٹرز کی جانب سے مریضوں کو مفت امپلانٹس لگانے پر شکریہ ادا کیا اور شرکاء میں سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کرتے ہوئے اس توقع کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے سپیشلسٹ ڈاکٹرز کے تجربہ سے علاج معالجہ کی نئی راہیں متعین ہونگی اور اس سلسلے کو آئندہ بھی اسی کامیابی کے ساتھ جاری رکھا جائے گا