اسلام آباد (ویب نیوز)
اسلام آباد پولیس نے شہریوں کی جان ومال کے تحفظ اور جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کے لئے وفاقی دارالحکومت میں گھڑسواردستے تعینات کردیئے۔ اسلام آباد میں پارکس، ہائیکنگ ٹریلز اور دیگر پہاڑی مقامات جہاں پر موٹر سائیکل یا گاڑیوں کا جانا مشکل ہے وہاں پر گھڑ سواردستے تعینات کئے جائیں گے۔ گھڑسوار دستے شہریوں کے تحفظ کے ساتھ، ساتھ جرائم پیشہ عناصر جو جنگلوں اور پہاڑوں میں کارروائیاں کرتے ہیں ان کی سرکوبی بھی کریں گے۔ پولیس کے گھڑسوار دستے مختلف علاقوں میں مخصوص اوقات میں ڈیوٹی انجام دیں گے۔ اسلام آباد پولیس کے مطابق نہ صرف اس اقدام سے عوام الناس میں پولیس کے امیج کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی بلکہ جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی میں بھی مدد ملے گی۔