• زمان پارک جلائو گھیرائو ،توڑ پھوڑ کیس:فواد چوہدری ، حماد اظہر ، فرخ حبیب،عمر ایوب و دیگرکی عبوری ضمانتیں خارج
  • شیخ رشید اور شیخ راشد شفیق کی گرفتاری کیلئے رات گئے لال حویلی پر پولیس کا دوسرا چھاپہ بھی رائیگاں
  • شہریار آفریدی کوتھری ایم پی او کے تحت سیکٹر ایف 8 سے گرفتار کیا گیا ہے، اسلام آباد پولیس
  •  شہریار آفریدی اور ان کی اہلیہ کو گرفتار کرلیا گیا،گرفتاری کے دوران گھر میں توڑ پھوڑ بھی کی گئی ،پی ٹی آئی کا دعویٰ
  • لاہورہائیکورٹ کا پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم
  • کراچی ،خرم شیر زمان کا ریسٹورنٹ  صفائی ستھرائی کی ناقص صورتحال اور غیرمعیاری خوراک پر سیل کیا گیا،سندھ فوڈ اتھارٹی

لاہور(ویب نیوز )

لاہورکی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے زمان پارک میں پولیس پر پٹرول بم پھینکے ،جلائو گھیرائو اورتوڑ پھوڑ کے مقدمہ میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنمائوں فواداحمد چوہدری ، محمد حماد اظہر ،میاں محمود الرشید ،سینیٹر اعجاز احمدچوہدری، فرخ حبیب اور عمر ایوب خان کی عبوری ضمانتیں عدم پیروی کی بنیاد پر خارج کردیں۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج اعجااحمدز بٹر نے فیصلہ سنادیا۔جبکہ دوران سماعت عمرایوب کے وکیل نے مئوقف اختیار کیا کہ ان کے مئوکل اسلام آباد عدالت میں مصروف ہیں ضمانت مسترد کرنے کا فیصلہ واپس لیا جائے ۔اس پر اے ٹی سی جج کا کہنا تھا کہ جس ملک میں جج اور جنرل فیصلے واپس لینا شروع کردیں اس ملک کے پلے کیا رہ جائے گا۔ اے ٹی سی جج اعجاز احمد بٹر کا مزید کہنا تھا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے جسٹس سیدمنصور علی شاہ کا فیصلہ ہے لہذا فیصلہ واپس نہیں لوں گا۔

 پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہریار آفریدی کواسلام آباد سے گرفتار کرلیا گیا۔ اسلام آباد پولیس کے مطابق شہریار آفریدی کوتھری ایم پی او کے تحت سیکٹر ایف 8 سے گرفتار کیا گیا ہے۔ پی ٹی آئی کے آفیشل ٹوئٹر اکانٹ پر جاری بیان میں دعویٰ کہا گیا ہے کہ شہریار آفریدی اور ان کی اہلیہ کو گرفتار کرلیا گیا۔ شہریار آفریدی کو اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا۔ پی ٹی آئی کی جانب سے جاری بیان میں دعوی کیا گیا ہے کہ شہریار آفریدی کی گرفتاری کے دوران گھر میں توڑ پھوڑ بھی کی۔ شہریار آفریدی کی اہلیہ کا سیاست سے کوئی تعلق لیکن انہیں بھی گرفتار کرلیا گیا۔ گزشتہ روز کارکنوں کو اکسانے اور توڑ پھوڑ کے الزام میں پی ٹی آئی رہنما فیاض الحسن چوہان کو بھی گرفتار کیا گیا تھا۔ دوسری جانب راولپنڈی میں شیخ رشید اور ان کے بھتیجے شیخ راشد شفیق کی گرفتاری کیلئے رات گئے لال حویلی پر پولیس کا دوسرا چھاپہ بھی رائیگاں گیا۔ پولیس کو اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

لاہورہائیکورٹ نے سابق وزیرمملکت اورتحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب کا نام ای سی ایل سے خارج کرنے کا حکم دے دیا۔لاہورہائیکورٹ کے جسٹس انوار الحق پنوں نے فرخ حبیب کی درخواست پرمحفوظ فیصلہ سنایا ۔ درخواست میں ای سی ایل میں نام شامل کرنے کے اقدام کو چیلنج کیا گیا ۔عدالت نے فرخ حبیب کی ایل سی ایل سے نام خارج کرنے کی درخواست منظور کر لی ۔عدالت نے گزشتہ روز درخواست پر کارروائی مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا تھا ۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ فرخ حبیب نے بیرون ملک جانا تھا لیکن انہیں ای سی ایل میں نام شامل کی وجہ سے بیرون ملک جانے سے روک دیا گیا ۔درخواست میں واضح کیا کہ سابق وزیرمملکت کا نام بلاجوازایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کیا گیا۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ فرخ حبیب کا نام ای سی ایل سے خارج کرنے اور بیرون ملک جانے کی اجازت دی جائے۔

کرا چی پاکستان تحریک انصاف کے رہنما خرم شیر زمان کا صدر کراچی میں واقع ریسٹورنٹ سیل کردیا گیا۔سندھ فوڈ اتھارٹی کے مطابق ریسٹورنٹ صفائی ستھرائی کی ناقص صورتحال اور غیرمعیاری خوراک پر سیل کیا گیا۔ خرم شیر زمان نے ریسٹورنٹ سیل کرنے کا الزام سندھ پولیس پر لگادیا ہے۔دوسری جانب سندھ فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے ضلع ساؤتھ میں دو اور ریسٹورنٹ کو بھی سیل کردیا۔