اسلام آباد (ویب نیوز)
وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف کی ہدایت پر کراچی میں 165نئے یوٹیلیٹی اسٹورز کھولنے کا منصوبہ تیار کر لیا گیا۔ منصوبہ کی وفاقی حکومت سے منظوری لی جائے گی۔ یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد آئندہ 15روز کے اندر کراچی میں نئے یوٹیلیٹی سٹورز قائم کئے جاسکتے ہیں۔ یوٹیلیٹی سٹورز کے قیام کے بعد کراچی کے شہری وزیر اعظم پیکیج کے تحت پانچ بنیادی اشیاء کی رعائتی نرخوں پر خریداری سے مستفید ہو سکیں گے۔ یوٹیلیٹی سٹورز کے قیام سے کراچی میں ملازمت کے500نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ کراچی میں نئے یوٹیلیٹی سٹورز کھولنے کے بعد شہر میں موجود کل یوٹیلیٹی اسٹورز کی تعداد 80سے بڑھ کر245ہو جائے گی۔ نئے یوٹیلیٹی اسٹورز کے قیام کے بعد کراچی میں تقریبا 75ہزار آباد ی کے لئے ایک یوٹیلٹی اسٹور ہو جائے گا۔ جبکہ پنجاب میں 60ہزارآبادی کے لئے ایک یوٹیلیٹی اسٹور موجود ہے۔ وزیراعظم پیکیج کے تحت پانچ بنیاد ی اشیاء گھی ، آٹا، دالوں ، چینی اور چاول پر سبسڈی دی جاری ہے۔