صورتحال سے نمٹنے کیلئے این ڈی ایم اے سے رابطے میں ہیں تاہم زیادہ ہلاکتیں دیکھنے میں نہیں آئیں
فی الحال زیادہ ہلاکتیں دیکھنے میں نہیں آئیں،لوگوں میں آگاہی پھیلانے کی ضرورت ہے،پریس کانفرنس
اسلام آباد (ویب نیوز)
وفاقی وزیر برائے صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ ملک بھر میں کورونا کی صورتحال بگڑتی ہوئی نظر آرہی ہے جس کی پیش نظر صوبوں کو ہدایات جاری کردی گئیں ۔وفاقی وزیر برائے صحت عبدالقادر پٹیل نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے تمام صوبوں اور عوام کے لئے ایس او پیز جاری کردیئے گئے ہیں اور ماسک پہننے پر بھی پابندی عائد کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے صوبوں میں کورونا کی صورتحال کو مانیٹر کیا جارہا ہے تاہم سب سے زیادہ کیسز کراچی شہر سے ریکارڈ کئے جارہے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ کراچی کی صورتحال پر گزشتہ ہفتے ان کی متعلقہ حکام سے ملاقات بھی ہوئی ہے جس کی پیش نظر کورونا ٹیسٹ کی استعداد میں اضافہ کیا جارہا ہے اور بوسٹر ڈوز مہم کو بھی 10لاکھ کی تعداد تک لے جانے کا ارادہ ہے۔ انہوںنے کہا کہ سرکاری دفاترکے لئے بھی ایس او پیز جاری کی گئی ہیں اور صوبوں کو ایمرجنسی صورتحال پر ہدایت جاری کر دی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ کورونا کی وبائی صورتحال سے نمٹنے کے لئے این ڈی ایم اے سے رابطے میں ہیں تاہم اس سے فی الحال زیادہ ہلاکتیں دیکھنے میں نہیں آئیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کے حوالے سے لوگ احتیاط کریں اور کوشش کریں عید کی چھٹیوں پر کم سے کم گھروں سے نکلیں، لوگوں میں آگاہی پھیلانے کی ضرورت ہے اور بازاروں میں خریداری کیلئے جائیں تو احتیاط کریں۔
کورونا سے مزید 2 اموات، ، مثبت کیسز کی شرح 4.61 فیصد تک پہنچ گئی
675 نئے کیسز رپورٹ،153مریضوں کی حالت تشویشناک ہے، قومی ادارہ صحت
مہلک عالمی وبا کورونا کے وار تیز ہو نے لگے،ملک میں مزید 2اموات ہوئیں،گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران 675 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ۔قومی ادارہ صحت کے مطابق کورونا کی چھٹی لہر مزید دو جانیں لے گئی، چوبیس گھنٹے کے دوران 675نئے کیسز رپورٹ ہوئے ۔این آئی ایچ کے مطابق24 گھنٹے کے دوران 14 ہزار 632 کورونا ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے مزید 675 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ۔ ملک بھر میں مثبت کیسز کی مجموعی شرح 4.61 فیصد تک پہنچ گئی، 24 گھنٹے کے دوران کورونا سے مزید 2 اموات ہوئیں جبکہ کورونا کے 153 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے ۔