عمران خان کی نیب ترامیم کیخلاف درخواست پرسپریم کورٹ رجسٹرار آفس کے اعتراضات کیخلاف چیمبر اپیل دائر
اعتراضات بے بنیاد بلا جواز ہیں،درخواست کے قابل سماعت کا فیصلہ رجسٹرار آفس کا دائرہ اختیار نہیں،اپیل
درخواست میں آئین کی خلاف ورزی اور بنیادی حقوق کی عمل داری کا معاملہ اٹھا گیاہے
عدالت سے استدعا ہے کہ رجسٹرار آفس کے اعتراض ختم کرکے درخواست کو سماعت کیلئے مقرر کیا جائے
اسلام آباد( ویب نیوز)
چیئر مین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے نیب ترامیم کیخلاف دائردرخواست پرسپریم کورٹ رجسٹرار آفس کے اعتراضات کیخلاف چیمبر اپیل دائر کردی ،اپیل میں کہا گیاہے کہ سپریم کورٹ رجسٹرار آفس کے اعتراضات بے بنیاد بلا جواز ہیں۔درخواست کے قابل سماعت کا فیصلہ رجسٹرار آفس کا دائرہ اختیار نہیں۔اپیل میں کہاگیاہے کہ آئینی درخواست میں آئین کی خلاف ورزی اور بنیادی حقوق کی عمل داری کا معاملہ اٹھا گیاہے، عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ رجسٹرار آفس کے اعتراض ختم کرکے درخواست کو سماعت کیلئے مقرر کیا جائے۔یاد رہے کہ سپریم کورٹ کے رجسٹرار آفس نے عمران خان کی نیب قانون کیخلاف درخواست پر اعتراضات عائد کئے تھے جن میں کہا گیاتھاکہ نیب قانون میں ترامیم سے عوام کے کونسے حقوق متاثر ہوئے۔ اعتراضات میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار نے مناسب فورم سے رجوع نہیں کیا ۔اعتراضات میں کہا گیا ہے کہ درخواست کے ہمراہ ایڈووکیٹ آن ریکارڈ کا سرٹیفیکٹ نہیں لگایا گیاتوکن وجوہات کی بنا پر عدالت اپنا اختیار استعمال کرے ۔