اسلام آباد  (ویب نیوز)

وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر اور استحکام پاکستان پارٹی کے ایڈیشنل سیکرٹری جنرل عون چوہدری نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پرپابندی کی درخواست پر  رجسٹرار سپریم کورٹ کے اعتراضات کے خلاف چیمبر اپیل دائر کردی۔چیئرمین پی ٹی آئی کے سابق پرسنل سیکرٹری عون چوہدری نے اپنی درخواست میں استدعا کی کہ رجسٹرار آفس کا 10 جولائی کو درخواست واپس کرنے کا حکم کالعدم قرار دیا جائے، درخواست کو نمبر الاٹ کرکے سماعت کے لئے مقرر کیا جائے۔عون چوہدری کا موقف ہیکہ رجسٹرار کی جانب سے درخواست پر لگائے اعترضات غیر ضروری ہیں، جسٹس فائز عیسیٰ ریفرنس کیس میں سپریم کورٹ اصول طے کرچکی ہے کہ پبلک آفس ہولڈر جوابدہ ہے۔ عون چوہدری نے اپیل میں موقف اختیار کیا کہ تحریک انصاف پر پابندی کی درخواست قابل سماعت ہے، چیئرمین پی ٹی آئی نے 9 مئی کے واقعات کے تناظر میں نفرت انگیز تقاریرکیں۔خیال رہے کہ استحکام پاکستان پارٹی کے ایڈیشنل سیکرٹری جنرل عون چوہدری نے اپنی درخواست میں سپریم کورٹ سے پی ٹی آئی پرپابندی لگانے کی استدعا کی تھی تاہم رجسٹرار آفس نے عون چوہدری کی درخواست اعتراضات لگا کر واپس کردی تھی۔