اٹارنی جنرل آف پاکستان معاونت کے لئے طلب،مزید سماعت16اگست تک ملتوی
اسلام آباد (ویب نیوز)
اسلا م آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے نیب قوانین میں ترمیم کے خلاف دائر درخواست پر سیکرٹری قانون اور سیکرٹری کابینہ ڈویژن کو نوٹس جاری کردیا۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر اٹارنی جنرل آف پاکستان کو بھی معاونت کے لئے طلب کر لیا ۔ منگل کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے درخواست پر سماعت ہوئی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے وکیل حامد خان نے پیش ہو کردلائل دیئے۔ حامد خان نے کہا کہ حکومت کی جانب سے جو نیب قوانین میں ترامیم کی گئی ہیں اس سے احتساب کا ڈھانچہ مکمل طور پر زمین بوس ہو گیا، کئی ایم شخصیات کے خلاف نیب میں کیسز چل رہے ہیں، ان ترامیم سے وہ کیسز ختم ہو جائیں گے۔ نیب کے جو کیسز چل رہے ہیں ان میں اربوں روپے کی ریکوری کرنی ہے وہ تما م کیسز ختم ہو جائیں گے۔عدالت نے سیکرٹری کابینہ، سیکرٹری قانون کو درخواست پر نوٹسز جاری کردیئے ہیں۔ جبکہ عدالت نے آئندہ سماعت پر اٹارنی جنرل کر پیش ہو کردلائل دینے کا بھی حکم دیا ہے۔عدالت نے درخواست پر مزید سماعت16اگست تک ملتوی کردی۔