غریب ممالک سے امیر ملکوں کی جانب ہجرت خود ترقی یافتہ ممالک کیلئے بڑے چیلنجز پیدا کرتی ہے
عدل و انصاف کا تقاضا ہے کہ عالمی سطح پر منی لانڈرنگ کے موثر انسداد کیلئے حکومتیں اقدامات اٹھائیں
اسلام آباد (ویب نیوز)
پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر کرسچئن ٹرنر نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کی ،جس میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ چیئرمین تحریک انصاف کی منی لانڈرنگ کے ذریعے غریب ممالک سے سرمائے کی ترسیل کے تدارک کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔اسکے علاوہ ملاقات میں امیر ممالک کی جانب سے غریب ملکوں سے دولت کی غیرقانونی ترسیل کا سلسلہ بند کرنے کیلئے خصوصی اقدامات کی ضرورت بھی اجاگر کی گئی۔چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ سرمائے کی غیر قانونی ترسیل ترقی پذیر ممالک کا بڑا مسئلہ ہے، دولت کی اس غیر قانونی ترسیل سے عالمی سطح پر معاشی ناہمواریوں کو فروغ ملتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا فیکٹائی پینل اپنی رپورٹ میں اس معاملے کی نزاکت اجاگر کرچکا ہے، سرمائے کی یہ غیر قانونی ترسیل غریب ممالک کے باشندوں میں ہجرت کے رجحان کو ابھارتی ہے۔ عمران خان نے کہا کہ غریب ممالک سے امیر ملکوں کی جانب ہجرت خود ترقی یافتہ ممالک کیلئے بڑے چیلنجز پیدا کرتی ہے، عدل و انصاف کا تقاضا ہے کہ عالمی سطح پر منی لانڈرنگ کے موثر انسداد کیلئے حکومتیں اقدامات اٹھائیں۔انہوں نے کہا کہ برطانوی حکومت اس باب میں کلیدی کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔دوسری جانب برطانوی ہائی کمشنر نے میزبانی پر چیئرمین تحریک انصاف سے اظہارِ تشکر کیا۔واضح رہے کہ ملاقات میں مرکزی سینئر نائب صدر فوادچوہدری اور مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل عامر محمود کیانی بھی موجود تھے۔