صادق سنجرانی کی  اٹلی کے سفیر اینڈریاس فیراریز سے ملاقات میں گفتگو

اسلام آباد (ویب نیوز)

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ پاکستان اٹلی کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔منگل کو محمد صادق سنجرانی سے اٹلی کے سفیر اینڈریاس فیراریز کی پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت مجموعی علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان خوشگوار تعلقات قائم ہیں، ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔  محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ اطالوی کمپنیوں کو پاکستان میں موجود سرمایہ کاری اور کاروباری مواقعوں سے فائدہ اٹھانا چاہیئے، پاکستان اٹلی کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، اٹلی سے اقتصادی تعاون سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات بہتر بنانے کے خواہاں ہیں۔ اطالوی سفیر نے علاقائی استحکام کیلئے پاکستان کے کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ سفارتی تعاون میں مزید بہتری کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کروں گا۔اطالوی سفیر نے کورونا وبا کی روک تھام کے لئے پاکستانی حکومت کی کوششوں کو سراہا۔چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ کورونا وبا کے سماجی ومعاشی منفی اثرات کو کم کرنے کے لئے بین الاقوامی تعاون ناگزیر ہے۔