ٹرینوں کی آمد و رفت میں 9 گھنٹے تک تاخیر، مسافروں کی وزیر ریلوے پر کڑی تنقید
طوفانی بارشوں اور موسم کی خرابی کے باعث ٹرین آپر یشن متاثر ہوا،ریلوے حکام،حکومت صرف دعوے عملا کچھ نہیں کیا،مسافر
کراچی (ویب نیوز)
عید الفطر کی تعطیلات کے دوران پاکستان ریلوے کا ٹرین آپریشن مسلسل متاثر ہے اور متعدد ٹرینوں کی آمد و رفت میں ڈھائی سے 9 گھنٹے تک تاخیر برقرار رہی، جس کے باعث مسافر وں کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ ریلوے نے تاخیر کے باعث ٹرینوں کی روانگی کے وقت کا نیا شیڈول جاری کرنا پڑ گیا۔ کراچی کینٹ اسٹیشن اور سٹی اسٹیشن پر پریشان حال مسافروں نے وفاقی وزیر ریلوے سعد رفیق اور محکمہ ریلوے کے اعلیٰ حکام پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ٹرینوں کے ٹکٹس کی قیمت تو ہزاروں روپے کردی گئی ہے، لیکن سہولتیں نہ ہونے کے برابر ہیں، اسٹیشنز پر بیٹھنے کے لیے مناسب تعداد میں بنچیز ہیں نہ گرم اور حبس زدہ موسم میں پینے کے ٹھنڈے پانی کا انتظام ہے۔مسافروں نے کہا کہ رہنمائی کے لیے ریلوے کا عملہ بھی متعلقہ کاونٹرز پر موجود نہیں رہتا، حکومت صرف دعوے کرتی ہے، جبکہ عملا وہ ہر شعبے میں ناکام نظر آتی ہے۔دوسری جانب پاکستان ریلوے نے ملک بھر میں طوفانی بارشوں اور موسم کی خرابی کو کراچی سے گاڑیوں کی آمدو رفت میں تاخیر کی بڑی وجہ قرار دی۔ ٹرینوں مین تاخیر کے باعث منگل کو کراچی سے اندرون ملک ٹرینوں کی روانگی کا نیا شیڈول جاری کرنا پرا مگر بڑی مشکل سے ریلوے اسٹیشن پہنچنے والے مسافروں کو سخت ازیات کا سامنا کرنا پڑا۔ پاکستان ایکسپریس دوپہر ایک بجے کے بجائے رات 9 بجے ، علامہ اقبال ایکسپریس دوپہر 2 بجے کے بجائے رات 11بجے، قراقرم ایکسپریس سہہ پہر ساڑھے 3 بجے کے بجائے شام 6 بجے اور تیزگام ایکسپریس شام 5بجے کے بجائے رات ڈیڑھ بجے روانہ ہوئی، جبکہ دیگر تمام گاڑیاں اپنے مقررہ وقت پر روانہ ہوئیں۔ پاکستان ریلوے نے تکلیف کے لیے مسافروں سے معذرت کا اظہار کیا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق عید کے تینوں ایام میں ٹرینیں لیٹ ہونے پر مسافروں نے ٹکٹیں ری فنڈ کروا دیں، ٹکٹیں ری فنڈ ہونے سے ریلوے کو مالی نقصان کا سامنا رہا۔