ضمنی الیکشن میں شکست کی وجوہات پر غور کیلئے نواز شریف کی سربراہی میں اجلاس
ضمنی انتخابات میں ناکامی کی بڑی وجہ مہنگائی اور سخت فیصلوں کو قرار دیا گیا
سخت معاشی فیصلے ضمنی انتخابات میں شکست کا باعث بنے، ن لیگ کو رپورٹ پیش
لندن،اسلام آباد(ویب نیوز)
پنجاب کے ضمنی الیکشن میں شکست کی وجوہات پر غور کیلئے لندن میں بھی ن لیگ کے قائد میاں محمد نواز شریف کی سربراہی میں اجلاس ہوا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نواز شریف نے پارٹی رہنماوں سے ضمنی انتخابات میں شکست پر مشاورت کی۔ اجلاس میں اسحاق ڈار ، محسن نواز رانجھا، انوشہ رحمان اور سعود مجید نے شرکت کی۔پاکستان سے بھی مسلم لیگ ن کی سینیئر قیادت نے نواز شریف سے رابطہ کیا۔ ذرائع کے مطابق ضمنی انتخابات میں ناکامی کی بڑی وجہ مہنگائی اور سخت فیصلوں کو قرار دیا گیا۔ذرائع کے مطابق ضمنی انتخابات میں پارٹی رہنماوں کو بھی نظرانداز کرنا بھی شکست کی وجہ قرار دیا گیا۔خیال رہے کہ گزشتہ روز پنجاب اسمبلی کی 20 نشستوں پر ضمنی الیکشن ہوئے جن میں سے 15 پر تحریک انصاف، 4 پر ن لیگ اور ایک نشست پر آزاد امیدوار نے کامیابی حاصل کی۔یہ 20 نشستیں پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف کے منحرف ارکان کے ڈی سیٹ ہونے پر خالی ہوئی تھیں۔ان 15 نشستوں کے حصول کے بعد 22 جولائی کو وزیراعلی پنجاب کے انتخاب میں تحریک انصاف اور اس کی اتحادی جماعت ق لیگ کو ن لیگی اتحاد پر برتری حاصل ہوگئی ہے،علاوہ ازیں مسلم لیگ (ن) کی قیادت کو ضمنی انتخابات میں شکست کی رپورٹ پیش کردی گئی، عوام نے منحرف ارکان کو قبول نہیں کیا، پیٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے جیسی وجوہات شکست کا باعث بنیں۔ پنجاب کے ضمنی انتخابات میں شکست کے بعد وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پاکستان مسلم لیگ(ن) کی اعلی قیادت کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز، وفاقی وزرا رانا ثنا اللہ، خواجہ آصف، مریم اورنگزیب اور اعظم نذیر تارڑ، سردار ایاز صادق، ملک احمد خان، عطا اللہ تارڑ، سردار اویس لغاری، رانا مشہود و دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں ضمنی انتخابات میں پارٹی کی شکست اور آئندہ کی سیاسی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔پارٹی ذرائع کے مطابق پنجاب کے ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی شکست کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے پارٹی کی مرکزی قیادت کا اجلاس طلب کیا تھا۔ اجلاس میں ضمنی انتخابات میں شکست کی وجوہات اور آئندہ کی حکمت عملی اور حمزہ شہباز کی وزارت اعلی بچانے کے لئے حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔پارٹی ذرائع کے مطابق ضمنی انتخابات میں پارٹی کی شکست پر رانا ثنا اللہ نے اپنی تفصیلی تجزیاتی رپورٹ پیش کی۔ پارٹی رپورٹ میں ہر حلقے کے حوالے سے الگ الگ تجزیہ پیش کیا گیا۔رپورٹ کے مطابق حلقوں میں لیگی کارکنوں نے مخالف پارٹی سے منحرف ہو کر آنے والوں کو دل سے قبول نہیں کیا، پارٹی عہدیداروں، پرانے ٹکٹ ہولڈرز اور سابقہ بلدیاتی نمائندوں نے انتخابی مہم میں جان نہیں لڑائی، سخت معاشی فیصلوں کے نام پر پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کے بلوں میں اضافے نے مہنگائی کی شرح میں اضافہ کیا۔پارٹی ذرائع کے مطابق رپورٹ میں کہا گیا کہ مہنگائی کی انتہائی شرح نے جلتی پر تیل کا کام کیا اور ہار میں بنیادی کردار ادا کیا، ضمنی انتخابات سے صرف دو روز قبل پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا کوئی فائدہ نہیں ہوا، عوام نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اس معمولی کمی کو رد کر کے مخالفت میں ووٹ دئیے۔