سعودی عرب میں آئندہ برس ایک کروڑ معتمرین کے استقبال کی تیاریاں مکمل
عمرہ موسم کا آغاز یکم محرم سے ہونے کا امکان، ایک کروڑ افراد کی میزبانی کے لیے نیا نظام متعارف کرا رہے ہیں، قومی کمیٹی برائے حج وعمرہ
ریاض (ویب نیوز)
آئندہ برس معتمرین کی تعداد ایک کروڑ تک ہوگی جس کے لیے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ عمرہ موسم کا آغاز یکم محرم سے ہونے کا امکان ہے،ایک کروڑ افراد کی میزبانی کے لیے نیا نظام متعارف کرایا جا رہا ہے۔ سعودی میڈیا کے مطابق قومی کمیٹی برائے حج وعمرہ کے نائب سربراہ ہانی بن علی العمیری نے آئندہ سال معتمرین کی تعداد ایک کروڑ تک ہونے کی توقع کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حج وعمرہ پرکام کرنے والے تمام ادارے اس ہدف کے حصول کے لیے مشترکہ کوششیں کر رہے ہیں۔ ایک کروڑ افراد کی میزبانی کے لیے نیا نظام متعارف کرا رہے ہیں۔ عمرہ پیکیجز خریدنے کے لیے ویزا اور ماسٹر کارڈ کے علاوہ چند بینکوں کو بھی ذمہ داری تفویض کی گئی ہے۔ تمام غیر ملکی ایجنٹوں کو آن لائن سسٹم سے جوڑا جائے گا جس کے لیے بیرون ملک ایجنٹوں کو تیار کیا گیا ہے۔ گروپ کی شکل میں آنے والوں کے لیے B2B جب کہ انفرادی طور پر آنے والے B2C نظام تیار کیا گیا ہے۔ اسی طرح اندرون ملک عمرہ زائرین کی خدمت کے لیے 500 کمپنیاں کام کریں گی جن میں تربیت یافتہ افراد بھرتی ہیں جن کی تعداد دو ہزار سے زیادہ ہے۔وزارت حج و عمرہ کی نگرانی میں 34 پورٹل سے عمرہ پیکیجز اور خدمات متعارف ہوں گے۔ قومی کمیٹی برائے حج وعمرہ کے نائب سربراہ کا کہنا ہے کہ معتمرین کی مقدس مقامات پر آمد و رفت کے لیے جدید بسوں کی سہولت فراہم کرنے کے لیے 68 کمپنیوں کے ساتھ معاہدہ ہوا ہے جب کہ مکہ مدینہ میں 1900 ہوٹلز بھی تعمیر کیے گئے ہیں۔توقع کی جا رہی ہے کہ عمرہ موسم کا آغاز یکم محرم الحرام 1444 سے ہوجائے گا۔