پنجاب اسمبلی نے ڈپٹی اسپیکر دوست مزاری کیخلاف عدم اعتماد کی قرار داد منظور کر لی
پنجاب اسمبلی میں نئے اسپیکر کا انتخاب آج (جمعہ) ہو گا ، کاغذات نامزدگی شام 5 بجے تک جمع کرائے جاسکتے ہیں
پی ٹی آئی کی جانب سے اسپیکر کیلئے رکن اسمبلی سبطین خان اور ڈپٹی اسپیکر کے لیے واثق قیوم کا نام سامنے آیا
لاہور (ویب نیوز)
پنجاب اسمبلی نے ڈپٹی اسپیکر دوست مزاری کیخلاف عدم اعتماد کی قرار داد منظور کر لی جبکہ پنجاب اسمبلی میں نئے اسپیکر کا انتخاب جمعہ کو ہوگا، کاغذات نامزدگی شام 5 بجے تک جمع کرائے جاسکتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی کا اجلاس پینل آف چیئرمین وسیم خان کی زیر صدارت ہوا،مسلم لیگ ق کے رہنما اور پارلیمانی لیڈر راجہ بشارت نے ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری کے خلاف عدم اعتماد کی قرارداد جمع کرائی جسے ایوان نے کثرت رائے سے منظور کر لیا۔پنجاب اسمبلی میں نئے اسپیکر کا انتخاب بھی آج جمعہ کوہو گا ۔ایوان نے نئے اسپیکر کے انتخاب کے لیے قرارداد منظور کر لی ہے۔ جس کے لیے کاغذات نامزدگی شام 5 بجے تک جمع کرائے جاسکتے ہیں جبکہ کاغذات کی جانچ پڑتال 5 بج کر 10 منٹ پر ہو گی۔پنجاب اسمبلی میں پرویز الہی کے قائد ایوان بننے کے بعد پی ٹی آئی کی جانب سے اسپیکر کے لیے میانوالی سے رکن اسمبلی سبطین خان اور ڈپٹی اسپیکر کے لیے راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے واثق قیوم کا نام سامنے آیا ہے۔بعد ازاں پینل آف چیئرمین وسیم خان نے پنجاب اسمبلی کا اجلاس آج بروز جمعہ شام 4 بجے تک ملتوی کر دیا۔