ایل پی جی 24گھنٹوں میں دوسری بار10 روپے مہنگی، گھریلو سلنڈر 2835روپے کا ہوگیا

اضافہ  اوگرا کے نوٹیفکیشن کے بغیرکیا گیا، اب گرمیوں میں بھی قیمتیں بڑھنا شروع ہوگئیں،عرفان کھوکھر

حکومت نے قیمتیں کنٹرول نہ کیں تو ملک گیر ہڑتال اور وزات پٹرولیم کے سامنے دھرنا دیں گے،چیئرمین ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن

اسلام آباد(ویب  نیوز)

اوگرا کے نوٹیفکیشن کے بغیرایل پی جی کی قیمت میں 24گھنٹوں کے دوران دوسری بار اضافہ کردیا گیا، جس کے بعد ایل پی جی 10روپے فی کلو مزید مہنگی ہو گئی۔چیئرمین ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن عرفان کھوکھر کے مطابق گزشتہ روز کی طرح حالیہ اضافہ بھی اوگرا کی جانب سے کسی نوٹیفکیشن کے بغیر کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب گرمیوں میں بھی قیمتیں بڑھنا شروع ہوگئی ہیں، جس کے نتیجے میں ایل پی جی غریب صارفین کی پہنچ سے دور ہوتی جا رہی ہے۔عرفان کھوکھر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اوگرا کی جولائی 2022 کے لیے قیمت 220روپے فی کلو تھی، جس کے مطابق گھریلوسلنڈر 2600اور کمرشل سلنڈر 9988روپیکا دستیاب تھا۔ ایل پی جی قیمت میں 10روپے فی کلو اضافے سے گھریلو سلنڈر 120روپے اور کمرشل سلنڈر 455 روپے مہنگا ہوگیا۔قیمت میں حالیہ اضافوں کے بعد گھریلو سلنڈر 240 روپے فی کلو بڑھنے سے 2835روپے اور کمرشل سلنڈر 10900روپے میں فروخت ہورہا ہے۔ عرفان کھوکھر کے مطابق جے جے وی ایل پلانٹ کی بندش کے باعث حکومت کو سالانہ 60ارب روپے کانقصان ہو رہا ہے جبکہ بلیک مارکیٹنگ عروج پر پہنچ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمپنیاں مزید قیمت بڑھانے کے لیے تیار ہیں۔ حکومت نے قیمتیں کنٹرول نہ کیں تو ملک گیر ہڑتال اور وزات پٹرولیم کے سامنے دھرنا دیں گے۔