امریکا پاکستان میں مختلف اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ رابطے میں ہے، ترجمان محکمہ خارجہ
امریکی حکام کی پاکستانی حکام کیساتھ باقاعدگی سے مختلف معاملات پر بات چیت ہوتی ہے
امریکا پاکستان میں آئینی اور جمہوری اصولوں بشمول حقوق انسانی کی پاسداری کی حمایت کرتا ہے
عمران خان کے قریبی ساتھی کی اسسٹنٹ وزیر خارجہ ڈونلڈ لو کے ساتھ رابطے پر تبصرہ نہیں کر سکتا، نیڈ پرائیس
واشنگٹن( ویب نیوز)
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائیس نے کہاہے کہ امریکا پاکستان میں مختلف اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ رابطے میں ہے اور امریکی حکام پاکستانی حکام کے ساتھ باقاعدگی کے ساتھ مختلف معاملات پر بات چیت کرتے رہتے ہیں، امریکا پاکستان میں آئینی اور جمہوری اصولوں بشمول حقوق انسانی کی پاسداری کی حمایت کرتا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق وہ چیف آف آرمی اسٹاف کی جانب سے امریکا کی ڈپٹی وزیر خارجہ وینڈی شرمن کے ساتھ ہونے والی بات چیت کے تناظر میں سوال کا جواب دے رہے تھے۔ تفصیلات میں جائے بغیر انہوں نے کہا کہ معیاری طریقہ کار کے مطابق ہم نجی سفارتی بات چیت کی باریکیوں میں نہیں جاتے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا پاکستان میں مختلف اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ رابطے میں ہے۔ چند روز قبل سابق وزیراعظم عمران خان کے قریبی ساتھی کی جانب سے اسسٹنٹ وزیر خارجہ ڈونلڈ لو کے ساتھ ہونے والے رابطے کے حوالے سے نیڈ پرائیس کا کہنا تھا کہ اگر ایسی کوئی بات چیت ہوئی ہے تو میں اس پر تبصرہ نہیں کر سکتا۔ ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکا پاکستان میں آئینی اور جمہوری اصولوں بشمول حقوق انسانی کی پاسداری کی حمایت کرتا ہے، ہم کسی ایک جماعت پر دوسری کو ترجیح نہیں دیتے، ہم قانون کی بالادستی اور قانون کے مطابق مساوی انصاف کے وسیع ترین اصولوں کے حامی ہیں۔