مقبوضہ بیت المقدس  (ویب نیوز)

اسرائیلی قابض پولیس نے میٹرک  پاس کرنے کی  خوشی میں تقریب منعقد کرنے والے 13 فلسطینی طلبہ کو گرفتار کر لیا ۔ یہ تمام 13 طلبہ مقبوضہ یروشلم کے رہائشی ہیں اور اپنی کامیابی کی خوشی منانے کے ایک ہم جماعت طالبعلم کے گھر جمع ہوئے تھے۔  غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اسرائیلی پولیس نے یروشلم میں شوئفات کے علاقے میں سویلیم خاندان کے گھر پر اس وقت  ریڈ کیا جب ان کے ہاں میٹرک کے سالانہ امتحان کے نتائج کی خوشی میں پاس ہونے والے بچے کے دوست جمع تھے۔جب پولیس پہنچی تو طلبہ کی خوشی کی تقریب جاری تھی ۔ لیکن اسرائیلی پولیس نے یہ جانتے بوجھتے کہ فلسطینی وزارت تعلیم نے میٹرک کے نتائج کا اعلان کیا ہے اور یہ سب میٹرک پاس کرنے والے طلبہ جمع ہیں۔ ان بچوں پر تشدد کیا اور انہیں گھر سے اٹھا کر لے گئی۔  عینی شاہدین کے مطابق بچوں کی خوشی منانے کی اس تقریب کو الٹ دیا۔ فلسطینی وزارت تعلیم نے میٹرک کے نتائج کا اعلان کیا تو پورے فلسطین میں پاس ہونے والے طلبہ کی خوشی کے لیے ان کے گھروں میں تقریبات کا اہتمام تھا۔