ملک میں مہنگائی 14سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی
ماہانہ بنیادوں پر مہنگائی 4.3 فیصد اضافہ سے24.9 فیصد شرح پر پہنچ گئی
جولائی میں شہروں میں سبزیاں 25.14 فیصد، دال چنا 13.87 اورخوردنی تیل کی قیمتوں میں 7.66 فیصد اضافہ ہوا
دیہات میں مہنگائی کی ماہانہ شرح میں 4.17 فیصد اضافہ ہوا، آلو 20 فیصد اور سبزیاں 14.7 فیصد مہنگی ہوئی ہیں،ادارہ شماریات
اسلام آباد (ویب نیوز)
ادارہ شماریات نے ماہانہ مہنگائی کے اعدادوشمار جاری کردیے ہیں۔ جولائی میں مہنگائی کی شرح 24.9 فیصد پر پہنچ گئی جبکہ ماہانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں 4.3 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ادارہ شماریات کی جانب سے جاری اعد ا د و شمار میں بتایا گیا ہے کہ ایک ماہ کے دوران شہروں میں سبزیاں 25.14 فیصد، دال چنا 13.87 فیصد مہنگی ہوئیں جبکہ پیاز 14 فیصد، آلو گیارہ فیصد اور گندم 9.76 فیصد مہنگی ہوئی ہے۔ایک ماہ میں دال ماش میں 10 فیصد دال مسور میں 9 فیصد اضافہ ہوا جبکہ ایک ماہ میں چائے 9 فیصد اور انڈے 8 فیصد مہنگے ہوئے۔ادارہ شماریات کا اپنی رپورٹ میں کہنا ہے کہ خوردنی تیل 7.66 فیصد، آٹا 6.3 فیصد مہنگا ہوا جبکہ ٹماٹر 12.4 فیصد، پھل 7.11 فیصد سستے ہوئے ہیں۔ شہری علاقوں میں ایک ماہ کے دوران مرغی 3 فیصد سستی ہوئی، ماہانہ بنیادوں پر بجلی 39.35 فیصد مہنگی ہوئی اور ایک ماہ میں پیٹرول 7.35 فیصد مہنگا ہوا ہے۔ادارہ شماریات کے مطابق ایک سال میں شہری علاقوں میں دال مسور 92.4 فیصد، پیاز 89.4 فیصد، گھی 74 اور خوردنی تیل 72.5 فیصد فیصد مہنگا ہوا جبکہ اسی عرصے میں چنے 67.4 فیصد اور مرغی 59 فیصد مہنگی ہوئی ہے۔ایک سال میں شہری علاقوں میں گندم 45 فیصد، دال چنا 43.2 فیصد، سبزیاں اور پھل 40 فیصد اور دودھ 24.7 فیصد مہنگا ہوا ہے جبکہ ایک سال میں پیٹرولیم مصنوعات 94.4 فیصد مہنگی ہوئی اور بجلی کی قیمت میں 86.7 فیصد اضافہ ہوا۔دوسری جانب ادارہ شماریات کے مطابق دیہات میں مہنگائی کی ماہانہ شرح میں 4.17 فیصد اضافہ ہوا، دیہات میں ایک ماہ میں آلو 20 فیصد اور سبزیاں 14.7 فیصد مہنگی ہوئی ہیں۔دیہات میں دال چنا 15.5 دال مسور 9.6 فیصد، انڈے 9 فیصد، دال ماش 8 فیصد، گندم 7 فیصد، چاول 6.1 فیصد مہنگے ہوئے ہیں۔ ماہانہ بنیادوں پر دیہات میں ٹماٹر 13.44 فیصد، پھل 5.1 فیصد سستے ہوئے ہیں۔ ایک سال میں دیہات میں پیاز 100 فیصد، دال مسور 90.4 فیصد، خوردنی تیل 82.7 فیصد، گھی 82.2 فیصد، چنے 74.4 فیصد، مرغی 60.8 فیصد، دال چنا 48.3 فیصد مہنگی ہوئی۔ اسی عرصے میں پھل 46 فیصد اور سبزیاں 39 فیصد مہنگی ہوئی ہیں جبکہ دیہات میں ایک ماہ میں صرف چینی 13.7 فیصد سستی ہوئی ہے۔