محمد یاسین ملک نے بھوک ہڑتال دو ماہ کے لیے موخر کر دی۔ این ڈی ٹی وی
محمد یاسین ملک کے مطالبات بھارتی حکومت تک پہنچا دیے ہیں سندیپ گوئل
نئی دہلی( ویب نیوز )
نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں قید جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیرمین محمد یاسین ملک نے بھوک ہڑتال دو ماہ کے لیے موخر کر دی ہے ۔ بھارتی این ڈی ٹی وی کے مطابق ڈائریکٹر جنرل جیل خانہ جات دہلی سندیپ گوئل نے پیر کی شام ان سے ملاقات کی اور انہیں بتایا کہ ان کے مطالبات بھارتی حکومت تک پہنچا دیے گئے ہیں انہیں اس بارے میں فیصلے سے آگاہ کیا جائے گا۔بھارتی ٹی وی کے مطابق پیر کی شام کو محمد یاسین ملک نے سندیپ گوئل کی درخواست پر دس روز سے جاری بھوک ہڑتال دو ماہ کے لیے موخر کر دی ہے ۔ 56سالہ علیل رہنما نے 22جولائی کو روبیہ سعید کے اغوا کے جھوٹے مقدمے کی منصفانہ سماعت اور انہیں ذاتی طورپر جموں کی عدالت میں پیش ہونے کے حق سے محروم رکھے جانے کے خلاف غیر معینہ مدت کیلئے بھوک ہڑتال شروع کی تھی ۔کے پی آئی کے مطابق محمد یاسین ملک نے بھوک ہڑتال شروع کرنے سے قبل تہاڑ جیل میں ملاقات کے لیے آئی ہوئی اپنی والدہ اور ہمشیرہ سے ملاقات کی تھی ھی ۔ محمد یاسین ملک کی والدہ اور ہمشیرہ کی طرف سے جاری ویڈیو پیغام کے مطابق یاسین ملک نے ملاقات کے موقع پر کہا کہ میرے خلاف غیر منصفانہ کارروائی ہورہی ہے ۔عدالت میں گواہ وغیرہ کو پیش کیا جاتا ہے مگر مجھے خود عدالت میں پیش نہیں ہونے دیا جارہا۔ یاد رہے مئی میں این آئی اے عدالت نے منی لانڈرنگ کے الزام میں انہیں عمر قید اور دس لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی جبکہ ان کے خلاف جموں میں سی بی آئی اور ٹاڈا کورٹ میں الگ الگ مقدمات زیر سماعت ہیں۔ محمد یاسین ملک اپنے خلاف دائرکردہ جملہ فرضی و من گھڑت مقدمات میں غیر منصفانہ عدالتی کارروائی اور انہیں عدالتوں میں جسمانی طور پر پیش نہ کرنے پر بھوک ہڑتال شروع کی تھی بھوک ہڑتال پر بیٹھنے کی اطلاع انہوں نے حکومت ہندوستان کو جیل حکام کی وساطت سے ایک خط کے ذریعے دی تھی۔ 13جولائی کو جموں میں ایئرفورس ہلاکروں کے قتل کے مقدمے کی سماعت کے دوران تہاڑ جیل سے آن لائن پیشی پر یاسین ملک نے فاضل جج کو منصفانہ عدالتی سماعت اور اپنی جسمانی حاضری پر ایکبار پھر استفسار کرتے ہوئے واضح کیا تھا کہ اگر حکومت ہندوستان نے حق و انصاف پر مبنی میرے یہ قانونی مطالبات تسلیم نہیں کئے تو وہ درج بالا تاریخ سے جیل میں بھوک ہڑتال کا آغاز کریںگے ۔22 جولائی کو بھوک ہڑتال کے نتیجے میں ان کی صحت خراب ہوگئی تھی اور انہیں جیل سے ہسپتال بھی منتقل کیا گیا تھا۔ ایک روز قبل انہیں ہسپتال سے واپس جیل منتقل کیا گیا ہے ۔