روس کے خلاف چھیڑی گئی ہائبرڈ جنگ کا دائرہ امریکا نے چین تک پھیلانا شروع کر دیا، ڈپٹی سیکریٹری جنرل شنگھائی تعاون تنظیم
بیجنگ (ویب نیوز)
چینی نائب وزیر خارجہ نے امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی کے دورہ تائیوان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی اقدام پر چین خاموش نہیں رہے گا۔ چینی سرکاری میڈیا کے مطابق چینی وزارت خارجہ نے امریکی سفیر نکولس برنز کو طلب کر کے نینسی پلوسی کے دورہ تائیوان پر سخت احتجاج کیا۔ چینی نائب وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکی اقدام جارحانہ نوعیت کا ہے جس کے انتہائی سنجیدہ نتائج ہوں گے۔ دوسری جانب شنگھائی تعاون تنظیم کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل لوگوینوف نے ایک بیان میں کہا کہ روس کے خلاف چھیڑی گئی ہائبرڈ جنگ کا دائرہ امریکا نے چین تک پھیلانا شروع کر دیا ہے۔ لوگوینوف کا یہ بھی کہنا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک جھوٹی معلومات کا تدارک کریں۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی تائیوان پہنچ گئی ہیں، امریکی اسپیکر ملائیشیا میں مختصر قیام کے بعد تائیوان پہنچی ہیں۔ امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی ایشیائی ممالک کے دورے پر ہیں، وہ جنوبی کوریا اور جاپان بھی جائیں گی۔ واضح رہے کہ امریکی اسپیکر کے دورہ تائیوان پر چین نے امریکا کو سنگین نتائج سے خبردار کیا ہوا ہے۔ نینسی پلوسی کا دورہ تائیوان کسی امریکی ہائوس اسپیکر کا 1997 کے بعد پہلا دورہ ہے۔