پی ٹی آئی نے غیر ملکی فنڈنگ لی، اکائونٹس چھپائے،پانچ سال عمران خان نے جھوٹ بولا اور جھوٹے سرٹیفیکیٹس پر دستخط کرکے دیئے

  غیر ملکی فنڈنگ کے حوالہ سے الیکشن کمیشن کا فیصلہ آگیا ،عمران خان صادق اور امین نہیں رہے،انہوں نے امانت میں خیانت کی ہے

میرے خیال میں اب الیکشن کمیشن ، وفاقی حکومت کو رپورٹ بھجوائے گی اور پھر وفاقی حکومت ، سپریم کورٹ آف پاکستان کو ریفرنس بھیجے گی

حکومت موجودہ اسمبلی کی مدت پوری ہونے تک اپنا کام کرے گی، مفتاح اسماعیل

عمران خان بتادیں ان کی بیگم نے کسی سے انگوٹھی لی ہے کہ نہیں؟ خودتوشہ خانہ کی گھڑیاں لیں،ہر جگہ قانون کی خلاف ورزی ،بے ایمانی یا چوری کی ہے

عمران خان نے غیر قانونی طور پر 190ملین پائونڈ ملک ریاض کو واپس کئے،اس کی تحقیقات ہونی چاہیں، وزیر اعظم کسی سابق جج کی سربراہی میں کمیشن بنائیں،انٹرویو

 

اسلام آباد  (ویب نیوز)

وفاقی وزیر برائے خزانہ و ریونیو ڈاکٹر مفتاح اسماعیل احمد نے کہا ہے کہ وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف اور اتحادی پُرعزم ہیں کہ حکومت موجودہ اسمبلی کی مدت پوری ہونے تک اپنا کام کرے گی جس دن پارلیمنٹ اپنی مدت پوری کر لے گی ہم گھر چلے جائیں گے۔ اگست کے آخری ہفتے میں آئی ایم ایف کی بورڈ میٹنگ ہو گی اوراس میں پاکستان کا آئی ایم ایف پروگرام منظور ہو جائے گا۔ رواں ہفتے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی جانب سے پاکستان کے ساتھ مالیاتی تعاون کرنے کی توقع ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے لوگ الیکشن کمیشن کو متنازعہ بناتے ہیں اور چیف الیکشن کمشنر کو برا بھلا کہتے ہیں لیکن اس میں تو کوئی دو رائے نہیں کہ پی ٹی آئی نے غیر ملکی فنڈنگ لی ہے اور اکائونٹس چھپائے ہیں۔پانچ سال عمران خان نے جھوٹ بولا اور جھوٹے سرٹیفیکیٹس پر دستخط کرکے دیئے، عمران خان صادق اور امین نہیں رہے اور انہوں نے امانت میں خیانت کی ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر مفتاح اسماعیل احمد نے ایک نجی ٹی وی سے انٹرویو میں کیا۔ مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کی غیر ملکی فنڈنگ کے حوالہ سے الیکشن کمیشن کا فیصلہ آگیا ہے اور میرے خیال میں اب الیکشن کمیشن ، وفاقی حکومت کو رپورٹ بھجوائے گی اور پھر وفاقی حکومت ، سپریم کورٹ آف پاکستان کو ریفرنس بھیجے گی اور میں نے سنا ہے کہ سپریم کورٹ کا فل بینچ فیصلہ کرے گا کہ آگے کیا ہونا چاہیئے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف واپس آچکی ہے، ہم نے آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف کی سطح کا معاہدہ کرلیا ہے، ہمیں ایم ای ایف پی مل گیا ہے، آئی ایم ایف نے ٹویٹ کیا ہے کہ پاکستان معاہدے کی تمام پیشگی شرائط پر عملدرآمد کرچکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ رواں ماہ ڈالرز باہر جانا کم ہو جائیں گے اور پاکستان میں ڈالرز آنا زیادہ ہو جائیں گے جس سے یا روپے کی قیمت بڑھنا شروع ہو جائے گی یا ہمارے غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر بڑھنا شروع ہوجائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ اس وقت روپے کی قیمت 17فیصدانڈر ویلیو ہے۔اس وقت ڈالرزکی قیمت 22سال کی بلند ترین سطح پر ہے۔اگر تیل کی قیمتیں کم ہو جاتی ہیں تو پھر روپے کی قیمت بڑھنا شروع ہو اجائے گی اور اگر تیل کی قیمتیں عالمی مارکیٹ میں موجودہ سطح پر برقراربھی رہتی ہیں تو بھی روپے کی قیمت مضبوط ہونا شروع ہوجائے گی۔ مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی الیکشن کمیشن کو جتنا مرضی برا بھلا کہہ لے، جو پی ٹی آئی نے کیا ہے وہ آئین اور قانون کی خلاف ورزی کی ہے اور عمران خان نہ صادق ہیں اور نہ امین۔ عمران خان بتادیں ان کی بیگم نے کسی سے انگوٹھی لی ہے کہ نہیں وہ ہاں یا ناں میں جواب دے دیں۔ میرے گھر والوں نے کسی سے کوئی تحفہ نہیں لیا، عمران خان بھی کہہ دیں کہ میرے گھر والوں نے بھی کسی سے کوئی تحفہ نہیں لیا، عمران خان یہ نہیں کہہ سکتے، عمران خان سے پوچھا جاتا ہے کہ آپ نے عارف نقوی سے پیسے لئے تو وہ کہتے ہیں میں اس سوال کا جواب نہیں دوں گا، انہیں جواب تو دینا ہو گا، ہم جب اس حکومت کے عہدے پر رہتے ہیں تو جواب تودینا ہوگا۔ جہاں پر ہاتھ ڈالو عمران خان نے غلط کام کیا ہوتا ہے لیکن ماشاء اللہ جو بھاشن دیتے ہیں مان گئے اس کو۔ عمران خان نے غیر قانونی طور پر 190ملین پائونڈ ملک ریاض کو واپس کئے اوراس کی تحقیقات ہونی چاہیں، ہماری اس مسئلہ پر کابینہ کی کمیٹی بنی ہے اور میرے خیال میں تواس پر کمیشن بننا چاہیئے اور میں تواپنے وزیر اعظم سے مطالبہ کررہا ہوں کہ کسی سابق جج کی سربراہی میں کمیشن بننا چاہیئے، ایسا جج ہو نا چاہیئے جو عمران خان کو بھی قابل قبول ہو جیسے ناصرالملک تھے وہ فیصلہ کردے، وہ انگوٹھی کے اوپر بھی فیصلہ کردے کہ وہ ریکارڈنگ ٹھیک تھی کہ نہیں ٹھیک تھی۔عمران خان نے توشہ خانہ کی گھڑیاں لیں، بیگم صاحبہ نے انگوٹھیاں لیں، زمینیں عمران خان نے لیں، فرح گوگی نے ٹرانسفر پوسٹنگ میں رشوتیں لیں،کسی نے نہیں روکا، عثمان بزدار کی رشوت کی ٹریل ہے، اب یہ الیکشن فنڈنگ نکلی، ہر جگہ عمران خان نے قانون کی خلاف ورزی کی ہے اورانہوں نے بے ایمانی یا چوری کی ہے اور پھر سب سے زیادہ عمران خان سب کو چور بولتے ہیں۔