اسلام آباد (ویب نیوز)
ملک بھر کے ٹرانسپورٹرز نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا۔ ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق ٹرانسپورٹرز اتحاد کے رہنما عصمت اللہ نیازی نے کہا کہ ملک بھر میں بسیں چلانے کا کہہ دیا گیا ہے ہمارا مطالبہ ٹیکس کو 8 ہزار سے کم کرنے کا تھا جو پورا ہوگیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ گاڑی ٹرانسفرکرانے کی فیس پرجو زائد ٹیکس لگایا گیا تھا وہ بھی واپس لے لیا گیا ہے۔عصمت اللہ نیازی کے مطابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ وہ بدھ کو نیا نوٹیفکیشن جاری کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ٹرانسپورٹرز پر فی سیٹ جو ٹیکس تھا وہ 1500 روپے کردیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ ٹرانسپورٹرز کی جزوی ہڑتال کے باعث اندرون ملک سفر کرنے والے مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا تھا۔