دوسروں کی خارجہ پالیسی کی خاطر اپنا ملک قربان نہیں کرسکتے،عمران خان
حکومت کی کارکردگی صفر ہے اور اگر معیشت گرتی رہی تو ہماری قومی سیکیورٹی متاثر ہوگی
سوات کے معاملات میں پی ٹی آئی کونقصان پہنچانے کی گیم چل رہی ہے ،قبائلی علاقوں میں مشکلات آنے والی ہیں
الیکشن کمشنر ڈرپوک آدمی ہے، خود سے کچھ نہیں کرسکتا، تمام مسائل کا حل صاف اور شفاف الیکشن ہے،چیئرمین پی ٹی آئی کا انٹرویو
اسلام آباد( ویب نیوز)
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ دوسروں کی خارجہ پالیسی کی خاطر اپنا ملک قربان نہیں کرسکتے،حکومت کی کارکردگی صفر ہے اور اگر معیشت گرتی رہی تو ہماری قومی سیکیورٹی متاثر ہوگی،سوات کے معاملات میں پی ٹی آئی کونقصان پہنچانے کی گیم چل رہی ہے ،قبائلی علاقوں میں مشکلات آنے والی ہیں،الیکشن کمشنر ڈرپوک آدمی ہے، خود سے کچھ نہیں کرسکتا، تمام مسائل کا حل صاف اور شفاف الیکشن ہے۔ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جس نظام میں انصاف نہ ہو وہاں لوگ آزاد نہیں ہوتے،انصاف لوگوں کو آزاد کر دیتا ہے، حکومت تبدیل کرنے والے نہیں چاہتے خودمختار حکومت آئے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت خوفزدہ ہوچکی ہے کیونکہ یہ جانتے ہیں کہ قوم خوف کے دور سے گزر چکی ہے، یہ لوگ انتخابات سے بھاگ رہے ہیں کیوںکہ انہیں معلوم ہے کہ اگر الیکشن ہوا تو تحریک انصاف کلین سوئپ کرے گی۔عمران خان نے یہ بھی کہا کہ ستمبر میں نوازشریف کو واپس لانے کی کوشش ہورہی ہے ، پلان بنایا گیا ہے کہ مجھے کمزور کریں اور پھر نوازشریف کو واپس لاکر الیکشن جتوائیں ، اسی لیے پی ٹی آئی رہنماوں کے خلاف کارروائیاں ہورہی ہیں۔ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ الیکشن کمشنر ڈرپوک آدمی ہے، خود سے کچھ نہیں کرسکتا، تمام مسائل کا حل صاف اور شفاف الیکشن ہے، صرف الیکشن کے اعلان کے بعد ہی مزاکرات کے لئے تیار ہونگا۔ انہوں نے کہا کہ حقیقی آزادی کی تحریک فیصلہ کن موڑ پر ہے، 13 اگست کے جلسے میں آئندہ کی حکمت عملی کا اعلان کروں گا ۔ راستے بند کئے گئے تو گلی کوچوں میں تحریک کو لے جائیں گے لیکن میں کسی صروت ان چوروں کو قبول نہیں کرونگا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ 25 مئی کو کیا گیا ظلم نہیں بھولوں گا، جنہوں نے 25 مئی کو ظلم کیا انہیں سزا ملیں گی۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ میری کردار کشی کی کوشش سازش ہے،ہمارے خلاف سازش تیار ہورہی ہے جبکہ ہماری پارٹی کو توڑنے کی بھی کوشش کی جارہی ہے، دوسروں کی خارجہ پالیسی کی خاطر اپنا ملک قربان نہیں کرسکتے۔عمران خان نے کہا کہ مہنگائی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی لیکن حکومت کی کارکردگی صفر ہے اور اگر معیشت گرتی رہی تو ہماری قومی سیکیورٹی متاثر ہوگی۔ سیاسی استحکام آئے گا تو معیشت ٹھیک ہوگی اور سیاسی استحکام کا ایک ہی طریقہ ہے کہ فوری انتخابات کرائے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بیرونی ایجنڈا ہے کہ کسی طرح پی ٹی آئی کوختم کرو ، دہشتگردی کے خلاف آج بھی ہمارے جوان قربانیاں دے رہے ہیں ، آج بھی ہمارے جوان سرحدوں پر شہید ہورہے ہیں۔عمران خان کا کہنا تھا کہ اس قوم کی عزت ہوتی ہے جو اپنی عزت خود کراتی ہے اور جو قوم باہر کے فیصلوں پر عمل کرے اس کی عزت نہیں ہوتی۔عمران خان نے امپورٹڈ حکومت کی جانب سے میڈیا کے خلاف ہونے والی کارروائیوں کی بھی مذمت کی اور کہا یہ لوگ عوام میں انتہائی غیر مقبول ہیں ،اسی لیے میڈیا کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف نے کہا کہ سوات میں جوکچھ ہورہا ہے لگتا ہے اس کے پیچھے کوئی فتنہ ہے، سوات کے معاملات میں پی ٹی آئی کونقصان پہنچانے کی گیم چل رہی ہے ،قبائلی علاقوں میں مشکلات آنے والی ہیں۔