وزیرِ اعظم کا پاکستان کے 75ویں یوم آزادی کے موقع پر قوم کے نام پیغام
اسلام آباد (ویب نیوز)
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کا قیام کسی معجزے سے کم نہیں تھا ۔پجھترواں یومِ آزادی پوری پاکستانی قوم کیلئے ایک تاریخی دن ہے ۔ اسی دن پوری قوم، برصغیر کے مسلمانوں کو مملکتِ خداداد پاکستان کے قیام کیلئے بے مثال جدوجہد پر خراجِ تحسین اور لازوال قربانیوں پر نظرانہِ عقیدت پیش کرتی ہے ۔پاکستان کے 75 ویں یومِ آزادی کے موقع پر قوم کے نام پیغام میں وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ قیامِ پاکستان بابائے قوم، قائدِ اعظم محمد علی جناح کی مقصد کیلئے لگن، عزمِ صمیم، انتھک محنت اور جدوجہد کی وجہ سے ممکن ہوا۔1930 میں تصورِ پاکستان پیش ہونے کے بعد صرف 17 سال کی قلیل مدت میں پاکستان دنیا کے نقشے پر سب سے بڑی اسلامی مملکت کے طور پر معرضِ وجود میں آیا۔شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کا قیام کسی معجزے سے کم نہ تھا جس نے دوست و دشمن سب کو نہ صرف حیرت میں ڈال دیا بلکہ تمام تر قیاس آرائیوں اور پیش گوئیوں کے بر عکس دنیا میں اپنی انفرادی حیثیت کو قائم رکھا۔جہاں پجھترواں یومِ آزادی بے پناہ مسرت اور جشن کا باعث ہے وہیں یہ اجتماعی اور انفرادی سطح پر خود احتسابی کا بھی ایک موقع ہے۔بطور قوم ہم نے ساڑھے سات دہائیوں میں کامیابیوں کے بہت سے سنگِ میل عبور کئے ہیں۔وزیرِ اعظم نے کہاہماری سالمیت پر بیرونی حملوں کے منہ توڑ جواب سے لے کر ایک متفقہ قومی آئین کے قیام، دنیا کی ساتویں نیوکلیئر طاقت اور دھشت گردی سے مقابلہ کرکے اجتماعی طور پر اسے شکست دینے تک ہم اپنی جہدِ مسلسل سے اس ملک کی نا صرف حفاظت کرتے آئے ہیں بلکہ شبانہ روز اسکی ترقی و خوشحالی کیلئے کوشاں رہے ہیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ شروع دن سے اس ملک کو مصائب کا سامنا رہا مگر ہماری بہادر قوم کے جذبے کے آگے تمام مصائب گھٹنے ٹیکتے گئے لیکن یہ بھی ایک مسلمہ حقیقت ہے کہ سماجی و معاشی برابری، قانون کی حکمرانی اور مساوات پر مبنی جس مملکتِ خداداد کا خواب ہمارے اباو اجداد نے دیکھا تھا ہم اسے ابھی تک پوری طرح شرمندہ تعبیر نہیں کر سکے۔ہم آج ایک آزاد ملک میں سانس لے رہے ہیں، جس کے لئے ہم ربِ بزرگ و برتر کا جتنا بھی شکر ادا کریں کم ہے، لیکن حقیقی آزادی ضرورتوں، بھوک، افلاس اور پسماندگی سے آزادی کا نام ہے۔وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہاکہ جب تک ہم معاشی طور پر ایک خودمختار ریاست نہیں بنتے، تب تک مکمل آزادی کا یہ خواب حقیقت بننے سے محروم رہے گا۔کسی بھی قوم کیلئے اندرونی خلفشار، باہمی تقسیم اور انتشار سے بڑھ کر کوئی چیز خطرناک نہیں ہوسکتی، کیونکہ ایسے منفی عناصر نہ صرف مِلی وحدت اور قومی سالمیت کو نقصان پہنچاتے ہیں بلکہ معاشرے کو اسکے مقصد سے محروم کر دیتے ہیں۔وزیرِ اعظم نے کہاکہ قائدِ اعظم کو ان عوامل کا بخوبی ادراک تھا، اسی لئے انہوں نے ہمیں انکے سدِ باب کیلئے ایمان اتحاد اور نظم و ضبط کا سبق پڑھایا۔ہمارے ملک کی سب سے بڑی طاقت ہمارے لوگ، بالخصوص باصلاحیت نوجوان ہیں۔انکی لگن، ہمت اور تعمیری توانائیوں سے بھرپور جزبہ کسی بھی قسم کی مشکل کو عبور کرکے امید کی شمع جلانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ ہم، باہمی تقسیم کی شر پسند طاغوتی قووتوں کو ملی وحدت و باہمی اتفاق سے کچل کر اپنی آزادی، خودمختاری اور قومی پہچان کی حفاظت کرتے رہیں گے۔مجھے اپنی قوم اور اسکے غیور نوجوانوں کی صلاحیتوں پر پورا اعتماد ہے کہ وہ یقینا ہماری ملک کی کشتی کو اس وقتی منجھدار سے بہت جلد نکال لیں گے۔پجھترویں جشنِ آزادی مناتے وقت ہمیں پاکستان کے معماروں کے نظریات سے راہنمائی لیتے ہوئے قومی تعمیرِ نو کیلئے لوگوں کی فلاح کو اپنی اولین ترجیح بنانا ہوگا۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ آئیں مل کر عہد کریں کہ ہم پاکستان کو اپنے اجداد کے نظریات کے عین مطابق ایک فلاحی ریاست بنائیں گے۔پجھترویں جشنِ آزادی کے تاریخی دن کے موقع پر میں پوری قوم اور سمندر پار پاکستانیوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔پاکستان، پائندہ باد