کراچی (ویب نیوز)

پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں کاروبار کے دوران تیزی دیکھی گئی اور بینچ مارک کے ایس ای 100انڈیکس میں 450پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔پی ایس ایکس کی ویب سائٹ کے مطابق کے ایس ای 100انڈیکس میں 474پوائنٹس یا 1.11فیصد اضافے کے ساتھ 43ہزار 331پوائنٹس پر پہنچ گیا۔انٹر مارکیٹ سیکیورٹیز میں ریسرچ کے سربراہ رضا جعفری نے کہا کہ ہفتے کے آخر میں عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف)کی جانب سے لیٹر آف انٹینٹ(آمادگی کا خط)اور سعودی عرب کی جانب سے مزید تعاون کی یقین دہانی سمیت دیگر مثبت پیش رفت سامنے آنے کے بعد اثرات نظر آرہے ہیں۔عارف حبیب کارپوریشن کے احسن محنتی نے مارکیٹ میں تیزی کے رجحان کی وجہ روپے کی قدر میں بحالی، آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی کی اطلاعات اور سعودی عرب کی جانب سے امدادی پیکج میں مزید اضافے کو قرار دیا۔انہوں نے مارکیٹ میں تیزی کی وجہ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں متحدہ عرب امارات کی جانب سے ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کے اعلان کے ساتھ ساتھ آئی ایم ایف کے لیٹر آف انٹنٹ کو بھی قرار دیا۔