بھارتی چارٹرڈ طیارے کی کراچی ایئرپورٹ پر لینڈنگ،12 مسافروں کو لے کر دبئی روانہ ہوا
مختصرمدت میں یہ چھٹا طیارہ ہے جو بھارت سے کراچی آیا، 12میں سے 10مسافر پاکستانی اور2 مسافر غیرملکی ہیں، ایوی ایشن ذرائع
کراچی (ویب نیوز)
بھارت سے آنے والے ایک اور چارٹرڈ طیارے نے کراچی ایئرپورٹ پر لینڈنگ کی ہے،جو12 مسافروں کو لے کر دبئی روانہ ہوا۔ بھارت کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے آنے والے خصوصی طیارے نے کراچی ایئرپورٹ پر لینڈنگ کی۔ ترجمان سول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ طیارہ حیدرآباد دکن سے کراچی آیا اور 12 مسافروں کو لے کر دبئی روانہ ہوگیا۔ چارٹرڈ طیارے نے 12بجکر 10 منٹ پر کراچی ایئرپورٹ پر لینڈ کیا۔ ذرائع کے مطابق طیارے میں سوار 12میں سے 10مسافر پاکستانی اور2 مسافر غیرملکی ہیں۔ ترجمان سی اے اے کا کہنا ہے کہ بھارت سے آنے والا طیارہ نہ تو بھارتی ہے اور نہ ہی خصوصی بلکہ یہ چارٹرڈ طیارہ برطانیہ کے جرائرمارشل میں رجسٹرڈ ہے۔ ایوی ایشن ذرائع کے مطابق یہ بین الاقوامی چارٹر پرواز تھی، بھارت سے آمد کے سوا اور کوئی تعلق نہیں۔ واضح رہے کہ دوماہ کی مختصرمدت میں یہ چھٹا طیارہ ہے جو بھارت سے کراچی ایئرپورٹ آیا تاہم سی اے اے حکام کا کہنا ہے کہ بھارت سے چارٹرڈ طیارے ری فیولنگ کیلئے کراچی آتے ہیں۔