ممنوعہ فنڈنگ کیس،عمران خان کا ایف آئی اے کونوٹس پر جواب دینے سے انکار
ایف آئی اے کے پاس کارروائی کا اختیار نہیں،جوابدہ ہوں نہ ہی معلومات فراہم کرنے کا پابند ،عمران خان
ایف آئی اے 2 دن میں نوٹس واپس لے ورنہ قانون کے تحت کارروائی کروں گا،چیئرمین پی ٹی آئی کا تحریری جواب
اسلام آباد(ویب نیوز)
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں ایف آئی اے کونوٹس پر جواب دینے سے انکارکرتے ہوئے کہا ہے کہ ایف آئی اے کے پاس کارروائی کا اختیار نہیں،جوابدہ ہوں نہ ہی معلومات فراہم کرنے کا پابند، ایف آئی اے 2 دن میں نوٹس واپس لے۔ سابق وزیراعظم عمران خان نے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے)کو فارن فنڈنگ کیس کے نوٹس پر جواب دینے سے انکار کردیا۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے ایف آئی اے کو اپنے تحریری جواب میں لکھا کہ میں آپ کو جوابدہ ہوں نہ ہی معلومات فراہم کرنے کا پابند، البتہ دو دن میں نوٹس واپس نہ لیا تو قانون کے تحت آپ کے خلاف کارروائی کروں گا۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ تفصیلات اور دستاویزات طلب کرنا ایف آئی اے کے زیر اثر ہونے کا مظہر ہے، الیکشن کمشن نے فیصلہ نہیں دیا بلکہ رپورٹ جاری کی جبکہ ایف آئی اے کے پاس پولیٹیکل پارٹیز آرڈر2002 کے تحت کارروائی کرنے کا اختیار نہیں، پی ٹی آئی کو جاری کیا گیا نوٹس ایف آئی اے ایکٹ سے بھی متصادم ہے۔ گزشتہ دنوں ایف آئی اے کمرشل بینک سرکل نے عمران خان سے بینک اکاونٹس سے متعلق تفصیلات طلب کی تھیں، جس پر عمران خان اور پی ٹی آئی کی طرف سے سابق اٹارنی جنرل انور منصور خان نے ایف آئی اے کو جواب بھجوایا۔دوسری جانب ایف آئی اے نے پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کی تحقیقات کا دائرہ کار امریکا اور برطانیہ سمیت دیگر ممالک تک بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے، جس میں متعلقہ تحقیقاتی اداروں کے ذریعے بھی وہاں کی کمپنیز و شخصیات کے بارے میں معلومات جمع کی جائیں گی۔