آئی ایم ایف کا بانی پی ٹی آئی کے الیکشن کا آڈٹ کروانے کے مطالبے کا جواب دینے سے انکار

پاکستان میں جاری سیاسی امور پر کوئی تبصرہ نہیں کروں گی جو کہہ دیا اس میں مذید اضافہ نہیں کرنا چاہتی،ترجمان

اسلام آباد( ویب  نیوز)

انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ(آئی ایم ایف)نے پاکستان میں عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے بعد بانی پی ٹی آئی کی جانب سے الیکشن کا آڈٹ کروانے کے مطالبے کا کوئی جواب دینے سے انکار کر دیا ہے پاکستان میں جاری سیاسی امور پر کوئی تبصرہ نہیں کروں گی جو کہہ دیا اس میں مذید اضافہ نہیں کرنا چاہتی واشنگٹن میں معمول کی پریس بریفنگ کے دوران پاکستان کے بارے میں پوچھے گئے سوالات کے جواب دیتے ہوئے آئی ایم ایف کی ترجمان جولی کوزیک نے معاشی استحکام سے متعلق نگران حکومت کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نگران حکومت کے دور میں حکام نے معاشی استحکام کو برقرار رکھا، مہنگائی قابو میں رکھنے، زرمبادلہ بڑھانے کے لیے حکام نے سخت مانیٹری پالیسی پر عمل کیا۔جولی کوزیک نے بتایا کہ 11 جنوری کو آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ نے اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ کے پہلے ریویو کی منظوری دی جس کے تحت پاکستان کو 1.9 ارب ڈالر جاری ہوئے، قرض پروگرام سے پاکستان کو معاشی استحکام کی کوششوں میں مددمل رہی ہے۔ڈائرکٹر کمیونیکیشن آئی ایم ایف نے کہا کہ قرض پروگرام میں مضبوط فوکس کمزور طبقے کا تحفظ ہے، پاکستان میں میکرو اکنامک استحکام کو یقینی بنانے کے لیے نئی حکومت کے ساتھ پالیسی پر کام کرنے کے منتظر ہیں تاکہ وسیع تر اقتصادی استحکام اور پاکستانی شہریوں کی خوشحالی یقینی بنائی جائے۔ بانی چئیرمین پی ٹی آئی کی جانب سے مبینہ انتخابی دھنادلیوں کو جواز بنا کر آئی ایم ایف کو خط لکھنے اور امداد دھاندلیوں کی عدلیہ سے تحقیقات مشروط کیے جانے کا بھی صاف جواب دیدیا اور کہا کہ وہ جاری سیاسی امور پر تبصرہ نہیں کریں گی، جو کہنا تھا اس میں مزید اضافہ نہیں کرنا چاہتیں۔