اسلام آباد (ویب نیوز)
پاک فضائیہ کی سندھ، بلوچستان اور پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ترجمان پاک فضائیہ نے کہا ہے کہ قدرتی آفات میں قوم کی خدمت میں پیش پیش پاک فضائیہ سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی امدادی سرگرمیوں میں مصروفِ عمل ہے۔پاک فضائیہ کے ترجمان نے کہا کہ سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی خصوصی ہدایت پر پاک فضائیہ کے بیسز سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف آپریشنز میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔ترجمان پاک فضائیہ نے کہا کہ پاک فضائیہ ان ضرورت مند خاندانوں تک اشیا ضروریہ پہنچا رہی ہے جن کے گھر اس قدرتی آفت میں تباہ ہوئے ہیں۔پاک فضائیہ کے ترجمان نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران انسانی ہمدردی کی بنیاد پر پاک فضائیہ کی جانب سے 752 راشن کے تھیلے جن میں 2860 پائونڈ بنیادی اشیائے خوردونوش اوراجناس شامل ہیں جو ضرورت مند خاندانوں میں تقسیم کئے گئے۔ ترجمان پاک فضائیہ نے کہا کہ مزید برآں پاک فضائیہ کی پیرامیڈیکل ٹیم نے 133 مریضوں کا طبی معائنہ بھی کیا۔ پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ مجموعی طور پر صوبے بھر میں 26 ہزار 567 مکانات منہدم اور جزوی نقصان پہنچا ہے جبکہ بارشوں میں 710 کلو میٹر پر مشتمل مختلف شاہراہیں بھی شدید متاثر ہوئی ہیں۔