متعدد پولنگ اسٹیشنز زیر آب ہیں، محکمہ موسمیات نے مزید برسات کی پیشگوئی کی ہے

انتخابات45 سے 60 روز کے لیے ملتوی کرنے کرنے کی سفارش کی گئی

اسلام آباد (ویب نیوز)

الیکشن کمیشن نے اتوار کو حیدرآباد کے تمام اضلاع اور کراچی کے ایک ضلع ملیر میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حیدرآباد ، ٹنڈو الہیار ، ٹنڈو محمد خان ، دادو، ٹھٹھہ، بدین ، جامشورو، سجاول، کراچی کے ضلع ملیر میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کراچی ڈویژن کے دیگر اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ 28 اگست کو ہی ہوگی۔ بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کا فیصلہ صوبائی الیکشن کمشنر کی رپورٹ پر کیا گیا۔ذرائع کے مطابق سندھ میں بلدیاتی الیکشن کے دوسرے مرحلے کے حوالے سے الیکشن کمیشن سندھ نے ڈی آر اوز کی رپورٹ کی روشنی میں اپنی سفارشات اسلام آباد ارسال کردی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق سندھ کے بیشتر اضلاع میں بارشوں نے تباہی مچا دی ہے اور متعدد پولنگ اسٹیشنز زیر آب ہیں، جبکہ محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی بھی پیشگوئی کی ہے، حیدرآباد ڈویژن کو آفت زدہ قرار دیا گیا ہے۔دوسرے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات 28 اگست کو ہونے ہیں۔ ڈی آر اوز نے بلدیاتی الیکشن 45 سے 60 روز کے لیے ملتوی کرنے کی سفارشات بھیجی تھیں۔