اسلام آباد (ویب نیوز)
پاک فضائیہ کی بلوچستان، سندھ اور جنوبی پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں اپنی امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق مون سون کی موسلادھار بارشوں کے نتیجے میں آنے والے شدید سیلاب کے باعث پاکستان بھر میں درجنوں قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا ہے اور سینکڑوں افراد بے گھر ہو گئے ہیں۔اس تیزی سے بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیشِ نظر پاک فضائیہ نے اپنی امدادی سرگرمیاں تیز کر دی ہیں اور نورواہ، ماد پور، کوٹ مگسی، فاضل پور، بستی جندو شاہ، حاجی پور، بستی ڈھونڈی پل، بستی لکھا، بگو کاکا، جاگیر گبول اور سعید آباد کے سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کو بروقت امداد فراہم کی جاری ہے۔ ترجمان پاک فضائیہ نے کہا کہ پی اے ایف بیسز بلوچستان، سندھ اور جنوبی پنجاب میں امدادی کارروائیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔ پاک فضائیہ کے ترجمان نے بتایا کہ پاک فضائیہ کے اہلکار سیلاب سے متاثرہ ضرورت مند خاندانوں تک امداد پہنچانے میں ہمہ تن مصروف ہیں۔ترجمان پاک فضائیہ نے کہا کہ انسانی ہمدردی کے تحت 785 پکے ہوئے کھانے کے پیکٹ اور 2860 پائونڈ کی بنیادی اشیائے خوردونوش ضرورت مند خاندانوں میں تقسیم کی گئیں۔ترجمان پاک فضائیہ نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاک فضائیہ کی میڈیکل ٹیم نے 158 مریضوں کا علاج بھی کیا البتہ امدادی کارروائیاں تاحال جاری ہیں۔