وزیراعظم نے بجلی صارفین کی شکایات دور کرنے کے لئے کمیٹی قائم کردی
بلز کی تصحیح کیلئے تمام اسٹاف کی چھٹیاں ختم کرکے اس کام کو فوری نمٹا کر رپورٹ پیش کی جائے
وزیراعظم کی زیرصدارت بجلی صارفین کے مسائل حل کرنے کیلئے اعلی سطح اجلاس ، بلز جمع کروانے کیلئے بینکس کو آئندہ دنوں میں کھلا رہنے کی بھی ہدایت
اسلام آباد (ویب نیوز)
وزیراعظم میاں شہباز شریف نے بجلی صارفین کو بلز پر24 گھنٹوں میں ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے صارفین کی شکایات دور کرنے کے لیے کمیٹی قائم کردی۔ وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت بجلی صارفین کے مسائل حل کرنے کے لئے اعلی سطح اجلاس ہوا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیرِ اعظم کے بجلی کے صارفین کیلئے اعلان کردہ ریلیف پیکیج پر عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔ ایک کروڑ 66 لاکھ صارفین کو فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں دئیے گئے ریلیف کے تحت بلز کی تصحیح جاری ہے۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ریلیف کے اقدامات پر فوری عملدرآمد کو یقینی بنانے اور صارفین کو بجلی کے 200 یونٹ بلز پر24 گھنٹوں میں ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعظم نے کہا کہ بجلی کے بلز کی تصحیح کیلئے ڈسکوز کا اسٹاف 24 گھنٹے کام کرے۔ بلز کی تصحیح کیلئے تمام اسٹاف کی چھٹیاں ختم کرکے اس کام کو فوری نمٹا کر رپورٹ پیش کی جائے۔وزیراعظم نے بلز جمع کروانے کیلئے بینکس کو آئندہ دنوں میں کھلا رہنے کی ہدایت بھی کی۔ وزیرِ اعظم نے بجلی کے صارفین کی شکایات دور کرنے کیلئے اعلی سطح کمیٹی قائم کر دی۔پاور ڈویژن کے حکام نے وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا کہ صارفین کے لیے وزیراعظم کے اعلان کردہ ریلیف پیکج پرعملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے، ایک کروڑ 66لاکھ صارفین کو دیے گئے ریلیف کے تحت بلز کی تصحیح جاری ہے۔