قطر پاکستان میں 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا، مزید ایک لاکھ پاکستانیوں کو نوکریاں دی جائیں گی، وزیرریلوے کی پریس کانفرنس

اسلام آباد (ویب نیوز)

وزیر ریلوے و ہوابازی خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ ریلوے کا ماہانہ خرچ 7 ارب جبکہ آمدن 5 ارب روپے ہے، ملک میں معمول سے 200 فیصد زائد بارشیں ہوئی ہیں، بارشوں سے کئی جگہ پر ریلوے ٹریک بری طرح متاثر ہوا ہے، خان پور سے حیدرآباد تک ریلوے آپریشن بند کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ملک میں معمول سے 200 فیصد زائد بارشیں ہوئی ہیں، کئی جگہ پر ریلوے ٹریک بری طرح متاثر ہوا ہے،سیلاب میں پھنسے لوگوں پہلے بچانا ہے،این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم اے کام کر رہی ہیں وقتی طور پر لڑائی کو ایک سائڈ پے رکھ کر عوام کی خدمت کرنی چاہیے۔ قطر میں دو لاکھ پاکستانی کام کر رہے ہیں، قطر میں مزید ایک لاکھ پاکستانیوں کو نوکریاں دی جائیں گی، وزیراعظم کا دورہ قطر انتہائی سود مند رہا۔ ایک لاکھ پاکستانیوں کی نوکری جو آنے والی ہے، اسے نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ قطر پاکستان میں 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا، قطر بندرگاہوں سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرے گا، دورہ قطر کو ناکام بنانے کے لیے مہم چلائی گئی، کسی ایئرپورٹ کو فروخت کرنے کی بات نہیں ہوئی، قطر سے نہ قرض مانگا اور نہ ہی اس سے متعلق بات ہوئی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ایئرپورٹس کی 100 فیصد ملکیت پاکستان کے پاس رہے گی، چاہتے ہیں ہمارے ایئرپورٹس اپ گریڈ ہوں، ملک کے 42 ایئرپورٹس میں سے11 بند ہیں، اسلام آباد ایئرپورٹ آدھی صلاحیت پر چل رہا ہے، نہ ایئرپورٹ کے شیئرز کسی نے فروخت کرنے کی بات کی نہ آفر کی گئی۔ سعد رفیق نے کہا کہ کوئی قوم ایئرپورٹس نہیں بیچتی، آوٹ سورس کرنے کا ماڈل دنیا میں چل رہا ہے، بھارت اور استنبول کے ایئرپورٹ بھی اسی ماڈل پر چل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے اور روز ویلٹ تو زیر بحث ہی نہیں آیا، شوکت ترین کو حیا کرنی چاہیے تھی، سنجیدہ لوگوں کو ایسی بات نہیں کرنی چاہیے، ملک میں سرمایہ کاری آئے تو خوش ہونا چاہیے۔