بھٹوں کی بندش اور ان کے کاروبار کا بیڑہ غرق کرنے والا کوئلہ مافیا ہے، رانا فرمان خاں

فیصل آباد (ویب نیوز)

بھٹہ مالکان ایسوسی ایشن نے کوئلہ کی قیمتوں میں اضافہ کی وجہ سے2 ماہ کے لئے بھٹے بندکرنے کافیصلہ کرلیاہے جس سے 300 سے زائد محنت کش خاندان  بے روزگار ہو جائیں گے۔ ان کی مشکلات کے اصل ذمہ دار کوئلہ مالکان اور ایجنٹ ہوں گے جن کے گٹھ جوڑ کی وجہ سے کوئلہ کی قیمتیں دو گنا ہو گئی ہیں ۔بھٹہ مالکان اس قدر مشکلات میں پھنس چکے ہیں کہ اگر بھٹے چلائیں تو قرضہ کے بوجھ تلے آتے ہیں اگر بھٹے بند کریں تو بھی انہیں ہی نقصان اٹھانا پڑتا ہے۔ایسوسی ایشن کے صدر رانا فرمان خاں نے اپنی زیرصدارت ہونے والے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھٹوں کی بندش اور ان کے کاروبار کا بیڑہ غرق کرنے والا کوئلہ مافیا ہے ۔اگر حکومت شروع سے ہی کوئلہ مافیا کے خلاف کارروائی کرتی تو کوئلہ کی قیمتیں اس قدر زیادہ نہ ہوتیں۔ بھٹوں کو جتنا نقصان کوئلہ مافیا کی وجہ سے ہوا ہے وہ کسی اور سے نہیں ہوا۔ جنرل سیکر ٹری حاجی غلام مصطفی، سینئر نائب صدر چوہدری عبدالرحمن، نائب صدر رانا عدنان نصیر، ریاض فوجی، حاجی یونس کسان کونسلر، حاجی جاوید بھولا، ارسلان پنسوتہ، رضوان رحمانی،میاں انور، رانا ٹیپو،غلام ربانی، اسرار یوسف ،انصر مجید،حسن باجوہ، عمران منظور اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔