لاہور (ویب نیوز)

کراچی اور سکھر ڈویژن میں سیلابی پانی ریلوے ٹریک پر موجود ہونے کی وجہ سے ٹرین آپریشن مزید ایک ہفتہ تاخیر کا شکار ہوگیا۔نجی ٹی وی کے مطابق پاکستان میں شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث ریلوے آپریشن بھی بری طرح متاثر ہوا ہے جو کئی روز گزرنے کے باوجود بحال نہیں ہوسکا،  ٹرین آپریشن 15 ستمبر تک بحال کیے جانے کا امکان ہے۔ نواب شاہ اور دیگر سیکشن کے ریلوے ٹریک پر سیلابی پانی ابھی تک موجود ہے جس کے باعث ریلوے حکام کو ایم ایل ون سمیت دیگر سیکشنوں پر ٹرین آپریشن شروع کرنا مشکل ہوتا جارہا۔ٹرین آپریشن متاثر ہونے کی وجہ سے ریلوے انتظامیہ نے پانچویں مرتبہ آن لائن ٹرینوں کی بکنگ بند کردی کیونکہ لاہور کراچی کوئٹہ اور سکھر کے درمیان مین لائن کی تمام ٹرینیں معطل ہیں۔ریلوے حکام کی جانب سے اپ اور ڈائون کی 30 سے زائد ٹرینیں منسوخ کردی گئیں جس کے باعث ریزرویشن دفاتر میں بھی بکنگ کا عمل مکمل طور پر روک دیا گیا۔  عوام ایکسپریس، بزنس ایکسپریس، قراقرم، شاہ حسین ایکسپریس، تیزگام، ملت ایکسپریس، رحمان بابا، جعفر ایکسپریس اور علامہ اقبال ٹرینیں معطل کردی گئی جب کہ کراچی ایکسپریس، خیبر میل، شالیمار ایکسپریس اور بولان ٹرینیں بھی معطل کردی گئیں ،مسافروں کو شدید مشکلات سامنا ہے ۔