پاکستان نے بھارتی میزائل داغنے کی انکوائری رپورٹ مسترد کر دی ،ہندوستان سے مشترکہ تحقیقات کا مطالبہ
پاکستانی کے جعلی مقابلے میں قتل پر بھارتی سفارت کار کو طلب کر کے احتجاج ریکارڈ کرایا ،بھارت میں قیدیوں کو ماورائے عدالت قتل کرنے کا سلسلہ ایک طویل عرصے سے جاری ہے
غیر معمولی بارشوں اور سیلاب سے تین کروڑ سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں،سیلاب متاثرین کی بھرپور مدد کی جائے،ترجمان دفتر خارجہ کی ہفتہ وار بریفنگ
اسلام آباد (ویب نیوز)
ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ بھارتی میزائل داغنے کی انکوائری رپورٹ مسترد کرتے ہوئے ہندوستان سے مشترکہ تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہیں، بی جے پی رہنما کے پیغمبر اسلام ۖکے خلاف توہین آمیز کلمات کی شدید مذمت کرتے ہیں،بھارتی حکومت ملزمان کو سخت سزائیں دے، ملک میں غیر معمولی بارشوں اور سیلاب سے تقریبا 33 ملین سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں۔ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار احمد نے بتایا کہ پاکستان کو غیر معمولی بارشوں اور سیلاب سے شدید تباہی کا سامنا ہے، وفاقی و صوبائی حکومتیں سول ایڈمنسٹریشن اور افواج ہیومنیٹیرین ریسپانس کے لیے تعینات کر دی گئی ہیں۔ یہ سب اپنے وسائل کے مطابق خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے وزیر خارجہ کے ہمراہ سکھر کا دورہ کیا ہے۔ وزیر اعظم نے سفیروں کو طلب کرکے انہیں سیلابی صورتحال اور نقصانات سے آگاہ کیا۔ اقوام متحدہ کی جانب سے ایک یو این فلیش اپیل بھی جینوا اور اسلام آباد سے جاری کی جائے گی۔ عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے امداد کی وصولی کے لیے ایک فنڈ قائم کیا جا رہا ہے۔درخواست ہے کہ سیلاب متاثرین کی بھرپور امداد کی جائے۔ اللہ تعالی ہمیں اس چیلنج سے نمٹنے کی توفیق عطا فرمائے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ وزیر اعظم نے حال ہی میں قطر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے امیر قطر سمیت متعدد قطری حکام سے ملاقاتیں کیں۔ قطری انویسٹمنٹ اتھارٹی نے پاکستان میں تین ارب ڈالرز سرمایہ کاری کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔ وزیر اعظم نے قطر میں فیفا ورلڈ کپ اسٹیڈیم کا بھی دورہ کیا۔ فیفا ورلڈ کپ میں فٹبال پاکستان مہیا کر رہا ہے جو کہ اس کی فٹبال کے اعلیٰ معیار کا ثبوت ہے۔ ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ پاکستان بھارتی بی جے پی رہنما کے پیغمبر اسلام ۖکے خلاف توہین آمیز کلمات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔ یہ تین ماہ کے دوران دوسرا موقع ہے کہ بی جے بی بھارتی رہنما نے یہ حرکت کی۔بھارتی حکومت اس حوالے سے سخت سزائیں دے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان 9 مارچ کو بھارت کی جانب سے غلطی سے پاکستان میں براہموس میزائل داغنے کی انکوائری رپورٹ کو مسترد کرتا ہے۔ پاکستان اس حوالے سے ان تحقیقات اور رپورٹ کو غیر تسلی بخش قرار دیتا ہے اور بھارت سے مشترکہ تحقیقات کا مطالبہ کرتا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان 5 ماہ کی حاملہ بھارتی خاتون بلقیس بانو کے ساتھ اجتماعی زیادتی اور اس کے 7 اہل خانہ کے قتل کے مجرموں کو آزاد کرنے کی شدید مذمت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت سے ایک پاکستانی محمد علی حسین کے بھارت میں جعلی مقابلے میں قتل پر بھارتی سفارت کار کو طلب کیا گیا۔ علی حسین بھارت میں کوٹ بھلوال جیل میں مقید تھے۔انہیں جیل سے دور جعلی مقابلے میں شہید کیا گیا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ گزشتہ برس بھی ایک پاکستانی قیدی کو بھارت میں اسی طرح جعلی مقابلے میں شہید کیا گیا تھا۔ بھارت میں پاکستانی قیدیوں کو ماورائے عدالت قتل کرنے کا سلسلہ ایک طویل عرصے سے جاری ہے۔ گزشتہ روز بھارتی افواج نے اڑی اور بارہ مولا میں 3 کشمیری نوجوانوں کو جعلی مقابلے میں شہید کیا۔ ہم بھارت سے تمام حریت رہنماوں بالخصوص یاسین ملک کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔