آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ نے پاکستان کا قرض پروگرام بحال کردیا،1 ارب 17 کروڑ ڈالرکی منظوری
معاہدے کی منظوری ہو گئی،آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان کو ساتویں اور آٹھویں قسط ایک ساتھ جاری کی جائے گی،مفتاح اسماعیل
وزیراعظم شہباز شریف نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کے لیے سخت فیصلے کیے، قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں،وزیر خزانہ کا ٹویٹ
پی ٹی آئی کے غدارانہ اقدام کے باوجود آئی ایم ایف نے پاکستان کا قرض پروگرام بحال کردیا ہے، وفاقی وزیر احسن اقبال
اسلام آباد( ویب نیوز)
انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان کا قرض پروگرام بحال کردیا۔ آئی ایف نے پاکستان کو قرض جاری کرنے کی منظوری دیدی، جس کے بعد پاکستان کو ایک ارب 17 کروڑ ڈالر ملیں گے۔وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ معاہدے کی منظوری ہو گی،آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان کو ساتویں اور آٹھویں قسط ایک ساتھ جاری کی جائے گی۔وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) نے پاکستان کو 1 ارب 17 کروڑ ڈالر قرض دینے کی منظوری دے دی ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل نے لکھا کہ الحمد اللہ آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ نے پاکستان کے ساتھ قرض بحالی کے معاہدے کی منظوری دی ہے، پاکستان کو اب 1.17 بلین ڈالر کی ساتویں اور آٹھویں قسط ایک ساتھ جاری کی جائے گی۔ وفاقی وزیر خزانہ نے مزید لکھا کہ وزیراعظم نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کے لیے سخت فیصلے کیے، میں شہباز شریف کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ بہت سے سخت فیصلے لینے اور پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچانے کے لیے میں قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ دوسری جانب وفاقی وزیر احسن اقبال نے اپنے پیغام میں لکھا کہ پی ٹی آئی کے غدارانہ اقدام کے باوجود آئی ایم ایف نے پاکستان کاقرض پروگرام بحال کردیا۔