اسلام آباد (ویب نیوز)
بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت صرف5 روز میں 532,264 متاثرہ خاندانوں میں13ارب روپے سے زائد رقم تقسیم کئے گئے ،جاری اعلامیہ کے مطابق بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے امدادی رقوم کی تقسیم کا عمل سیلاب سے متاثر ہونے والے خاندانوں کی فوری ضروریات زندگی پوری کرنے کی ایک کوشش ہے۔ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی معاشی مشکلات کو دور کرنے کے لیے پرعزم ہے اور ملک بھر میں سیلاب سے متاثرہ ہر خاندان کو 25 ہزار روپے فراہم کررہا ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق رجسٹر ہونے والے خاندانوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے کیونکہ سیلاب نے ملک بھر میں بھاری مالی اور جانی نقصان پہنچایا ہے۔اب تک 532,264 متاثرہ خاندانوں میں مجموعی طور پر 13,404,568,542 روپے تقسیم کیے جا چکے ہیں۔بلوچستان میں 55,995 خاندانوں میں 1,421,651,820 روپے تقسیم کئے جاچکے ہیں۔ سندھ کے 311,092 خاندانوں میں 7,825,085,998 روپے تقسیم کئے گئے ہیں۔ خیبر پختونخوا میں 62,709 خاندانوں میں 1,577,953,500 روپے جبکہ صوبہ پنجاب میں 102,468 خاندانوں میں 2,579,877,224 روپے تقسیم کئے جا چکے ہیں۔ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام اس مشکل گھڑی میں سیلاب متاثرین کو مالی امداد کی بروقت اور شفاف تقسیم کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہا ہے۔ تمام پاکستانیوں کو قدرتی آفات سے متاثرہ لوگوں کی مدد کے لیے آگے آنا چاہیے۔ متاثرہ خاندان فلڈ ریلیف کیش اسسٹینس پروگرام میں رجسٹریشن کے لیے اپنا قومی شناختی نمبر 8171 پر بھیج سکتے ہیں اور ادائیگی کا پیغام موصول ہونے پر وہ اپنی رقم حاصل کرنے کے لیے اپنے قریبی کیمپ سائٹ پر جا سکتے ہیں۔