ہم اپنے ملک کے فیصلے کرنے میں آزاد نہیں،اب ہمیں چھینک بھی مارنی ہو تو آئی ایم ایف سے پوچھنا ہوگا؟
ڈرائیوروں تک کے بل 18 اور 20 ہزار آرہے ہیں وہ کہاں سے بھریں گے، ابھی بھی ڈر لگ رہا ہے کہ آئی ایم ایف معاہدہ ٹوٹ نہ جائے
حکومت عوام کو سیلاب کی مصبیت سے بچانے کی بھرپور کوشش کرے گی، بقیہ نتائج اللہ کے حوالے ہیں، ارکانِ قومی وصوبائی اسمبلی سے خطاب
اسلام آباد (ویب نیوز)
وزیراعظم شہباز شریف نے 300 یونٹ والے بجلی کے بلوں کو فیول ایڈجسٹمنٹ سے چھوٹ دینے کا اعلان کردیا۔وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پارٹی کے ارکان قومی و صوبائی کا اہم اجلاس ہوا جس میں سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں کا جائزہ لیا گیا۔ اسلام آباد میں ارکانِ قومی وصوبائی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ تیل کی قیمتیں بڑھنا تکلیف دہ حقیقت ہے، پیٹرول کی قیمت میں اضافہ مجبورا کرنا پڑا، اب ہمیں چھینک بھی مارنی ہو تو آئی ایم ایف سے پوچھنا ہوگا۔ وزیراعظم نے کہا آج فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز ختم کرنے کیلئے بھی آئی ایم سے پوچھنا پڑا ہے۔ ہم اپنے ملک کے فیصلے کرنے میں آزاد نہیں ہیں۔ شہباز شریف نے کہا اگر بطور قوم زندہ رہنا ہے تو یہ آئی ایم ایف کا آخری پروگرام ہونا چاہئے،ڈرائیوروں تک کے بل 18 اور 20 ہزار آرہے ہیں وہ کہاں سے بل بھریں گے، ابھی بھی ڈر لگ رہا ہے کہ جو معاہدہ ہوا ہے وہ ٹوٹ نہ جائے۔ وزیرعظم نے کہا 10 ہزار میگاواٹ شمسی توانائی کے منصوبے کا آغاز کروں گا، سستی بجلی پیدا ہوگی تو سبسڈی نہیں دینی پڑے گی، تیل کی امپورٹ کی قیمت بچے گی۔وزیراعظم نے کہا سیلاب میں جاں بحق افراد کے لواحیقن کو 10، 10 لاکھ روپے دیے جارہے ہیں۔ جو سیلاب آیا س سے بڑا سیلاب نہیں دیکھا۔ وزیراعظم نے کہا عمران خان چاہتا تھا پاکستان سری لنکا بن جائے، آئی ایم ایف معاہدہ ہم نے نہیں پچھلی حکومت نے کیا، سابقہ حکومت تیل کی قیمتیں کم کرکے ملکی معیشت کو تباہی کے دہانے پرلائی۔ وزیراعظم نے کہا کہ مجھے معاشی صورتحال کی تباہی کا اندازہ تھا، تمام پارٹیوں کا موجودہ حکومت میں حصہ ہے۔ وزیراعظم نے کہا سابقہ حکومت نے عام آدمی کی زندگی میں بہتری لانیکی کوشش نہیں کی، جانے والوں نے ہمارے لیے گڑھا کھود دیا تھا۔ وزیراعظم نے کہا دنیا میں تیل اور پیٹرول کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی تھیں، سابقہ حکومت میں وزیراعظم ہاوس میں بیٹھے افسرنے عمران خان کوکہا پیٹرول کی قیمتیں کم کردیں، اس سے بڑی ملک دشمنی کیا ہوگی کہ پاکستان کو ڈیفالٹ کرانے کی سازش کی گئی۔ شہباز شریف نے کہا سابقہ حکومت نے آئی ایم ایف سے معاہدے کو توڑا وعدہ توڑنے پر آئی ایم ایف نے ہم سے بات کرنے سے انکار کردیا، جانے والوں نے ہمارے لیے گڑھا کھود دیا تھا۔ چار سال میں ایسا تماشہ نہیں دیکھا۔ شہباز شریف نے عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عمران خان سے بڑا جھوٹا، مکار، فریبی اور دھوکے باز اس دنیا میں پیدا نہیں ہوا، یہ شاید اس دن پیدا ہوا ہوگا جب سب جھوٹ بول رہے ہونگے، عمران خان کو جس طرح پالا پوسا گیا اس کی پاکستان کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔