اسلام آباد (ویب نیوز)

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام نے فلڈ ریلیف کیش اسسٹینس کے تحت 793,701 خاندانوں میں 19 بلین روپے سے زائد کی امداد تقسیم کردی۔بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے فلڈ ریلیف کیش اسسٹینس کے تحت سندھ، بلوچستان، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے سیلاب زدہ علاقوں میں سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کو 25000 روپے کی مالی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ اس پروگرام کے تحت اب تک 793,701 متاثرہ خاندانوں میں مجموعی طور پر 19,842,525,000 روپے کی رقم تقسیم کی جا چکی ہے۔پیر کی شام تک بلوچستان میں90,396 متاثرہ خاندانوں کو2,259,900,000 روپے مل چکے ہیں۔ سندھ میں 466,045 خاندانوں کو 11,665,125,000 روپے مل چکے ہیں۔ کے پی میں98,677 خاندانوں کو2,466,925,000 روپے ملے اور پنجاب میں 138,583 خاندانوں کو 3,464,575,000 روپے مل چکے ہیں۔ وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ ،چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام  شازیہ مری کی ہدایت پر تمام ادائیگی مراکز متاثرین کو ادائیگیوں کے لیے تعطیلات میں بھی کھلے رکھے جاتے ہیں۔ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی انتظامیہ نے کیمپ سائٹس پر موجود متعلقہ عملے کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں لوگوں کیساتھ مکمل تعاون کریں۔ متاثرہ خاندان فلڈ ریلیف کیش اسسٹینس پروگرام میں رجسٹریشن کے لیے اپنا قومی شناختی کارڈ نمبر 8171 پر بھیج سکتے ہیں اور ادائیگی کا پیغام موصول ہونے پر وہ اپنی رقم حاصل کرنے کے لیے اپنے قریبی کیمپ سائٹ پر جا سکتے ہیں۔ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ہیڈ کوارٹر میں ایک کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا ہے تاکہ ادائیگیوں کو یقینی بنایا جا سکے۔