کراچی (ویب نیوز)
کراچی میں ڈینگی کے باعث گزشتہ ایک ہفتے میں 5 افراد زندگی کی بازی ہار گئے، شہر قائد میں ستمبر کے ایک ہفتے کے دوران 5 افراد ڈینگی وائرس سے انتقال کرگئے، صرف ستمبر کے مہینے میں ایک ہزار سے زائد افراد اسپتالوں میں داخل ہوئے، مجموعی طور پر رواں برس ڈینگی وائرس کے مریضوں کی تعداد 3 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔ محکمہ صحت سندھ کے مطابق آغا خان اسپتال میں رواں برس ڈینگی وائرس کے اب تک 8 افراد انتقال کر چکے ہیں، جن میں سے 5 افراد صرف ستمبر کے ابتدائی ایک ہفتے کے دوران انتقال کر گئے تھے، آغا خان کی جانب سے محکمہ صحت کو بھیجے گئے اعدادوشمار کے مطابق جنوری، فروری، مارچ اور اپریل میں ڈینگی وائرس میں مبتلا ایک ایک مریض انتقال کر گیا تھا، یوں صرف آغا اسپتال میں رواں برس ڈینگی وائرس کے نتیجے میں 8 افراد انتقال کر چکے ہیں۔ محکمہ صحت سندھ کے مطابق رواں برس اب تک ڈینگی وائرس سے 9 افراد انتقال کر چکے ہیں، مرنے والوں میں 4 خواتین اور 5 پانچ مرد شامل ہیں۔