پی ٹی سی ایل گروپ نے بلوچستان کے متاثرہ خاندانوں کو راشن کی  فراہمی کے لیے اخوت فاؤنڈیشن سے اشتراک کرلیا

لاہور( ویب  نیوز)

پی ٹی سی ایل گروپ اور اخوت فاؤنڈیشن  نے بلوچستان کے پانچ اضلاع بشمول قلعہ سیف اللہ، لورالائی، سبی، لسبیلہ اور لسبیلہ (اٹھل) میں سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کو راشن کی فراہمی کے لیے باہمی  اشتراک قائم کرلیا ہے۔ صدر اور گروپ سی ای او، پی ٹی سی ایل و یوفون، حاتم بامطرف نے لاہور میں اخوت فاؤنڈیشن کے بانی اور چیئرمین، ڈاکٹر امجد ثاقب کو چیک پیش کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے، صدر اور گروپ  سی ای او، پی ٹی سی ایل و یوفون، حاتم بامطرف نے کہا:  ”پی ٹی سی ایل گروپ ملک بھر میں سیلاب سے متاثرہ لوگوں کو امداد  پہنچانے میں اخوت فاؤنڈیشن کے کردار کو سراہتا ہے اور مزید مستحق خاندانوں تک مدد پہنچانے میں فاؤنڈیشن کی مدد کرنا چاہتا ہے۔ ملک بھر میں سیلاب سے  بہت زیادہ تباہی ہوئی ہے، اسی لیے یہ ضروری ہے کہ ہر کوئی امدادی کاموں  اور تعمیر نو کے عمل میں اپنا حصہ ڈالے۔ ایک پاکستانی کمپنی ہونے کے ناطے، پی ٹی سی ایل گروپ نے ضروری سمجھا کہ اس مشکل وقت میں اپنے ہم وطنوں کی جانب مدد کا ہاتھ بڑھائے۔ اخوت کو دی گئی  امداد پی ٹی سی ایل گروپ کی جانب سے اعلان کردہ ایک ارب 75لاکھ روپے کے ریلیف فنڈ کا حصہ ہے۔ مجھے امید ہے کہ ہماری اس کوشش سے  بے گھر  خاندانوں کی بحالی میں مدد ملے گی۔”اپنے خطاب میں اخوت فاؤنڈیشن کے بانی اور چیئرمین، ڈاکٹر امجد ثاقب نے کہا: ”ہم بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی مدد کے لیے پی ٹی سی ایل گروپ کے تعاون کے شکر گزار ہیں۔ سیلاب نے پاکستان بھر میں بہت زیادہ تباہی پھیلائی ہے لہٰذا ہمیں امداد  اور بحالی کے عمل  کو بھی تیز کرنے کی ضرورت ہے۔ مجھے خوشی ہے کہ ملک کا کاروباری شعبہ ان متاثرین کی امداد کے لیے آگے آرہا ہے، جنہوں نے  سیلاب میں اپنے خاندان کے افراد، گھر اور آمدن کے ذرائع کھو دیے ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ ہماری قوم اس  بحران سے اپنی استقامت اور پی ٹی سی ایل جیسے اداروں کی مسلسل مدد کی بدولت مزید  مضبوط ہو کر نکلے گی۔”پی ٹی سی ایل گروپ نے سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کو امداد  فراہم کرنے کے لیے متعدد اقدامات اُٹھائے  ہیں۔اس سے قبل،  پی ٹی سی ایل  نے سیلاب سے متاثرہ لوگوں کو صحت کی دیکھ بھال کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے ملک بھر میں اپنے طبی مراکز کے دروازے کھول دیے۔اس کے علاوہ  بجلی کی بندش کے باوجود، یوفون 4G نے اس بات کو یقینی بنانے کے لیے مسلسل محنت کی کہ اس کا موبائل نیٹ ورک امدادی سرگرمیوں میں مدد کے لیے ہر وقت  فعال رہے، اس کے علاوہ لوگوں کو اپنے دوستوں اور خاندان کے ساتھ رابطے میں رہنے میں مدد کے لیے مفت کالز کی سہولت  بھی دی  گئی۔