لاہور (ویب نیوز)

ریلوے حکام نے سیلاب کے باعث ٹریک، سگنل نظام اور پلوں کو پہنچنے والے نقصان کے جائزے کے بعد ٹریک کو ٹرین آپریشن کے لیے ان فِٹ قرار دے دیا۔ حکام کی جانب سے ریلوے ٹریک ناقابل استعمال قرار دیئے جانے کے بعد لاہورکوئٹہ اورکراچی کے درمیان ٹرینیں چلانے کا فیصلہ مزید ایک ہفتہ تاخیر کا شکار ہو گیا ہے جس کے بعد ریزرویشن دفاتر اور آئن لائن نظام کے ذریعے ٹرینوں کے ٹکٹ بک کرنے کا عمل روکنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔ریلوے کی جانب سے ساتوں ڈویژنز کے تمام کمرشل آفیسرز کو بھی بکنگ روکنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق ریلوے ٹریک سے پانی اترنے اور ریلوے پلوں کے جائزے کی مکمل فِٹ رپورٹ آنے کے بعد ہی مسافر و فریٹ ٹرینوں کا آپریشن شروع کیا جائے گا۔